رسائی کے لنکس

آئی سی سی ٹیمز آف دی ایئر، کوئی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں


کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2023 کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ حیران کن طور پر گزشتہ سال ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے والی پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ کی ٹیم میں شامل نہیں۔

ہر سال کے آغاز میں ہونے والے آئی سی سی ایوارڈز سے قبل جاری کی جانے والی ٹیمز آف دی ایئر میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے گزشتہ سال یکم جنوری سے 31 دسمبر کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان ٹیم نے گزشتہ سال ورلڈ کپ سے پہلے ون ڈے کرکٹ میں پہلی پوزیشن تو حاصل کی تھی۔ لیکن ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد وہ ٹاپ پوزیشن سے محروم ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سعود شکیل پانچ میچز میں 537 اور ون ڈے کرکٹ میں بابر اعظم 1065 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بالرز میں 15 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ ابرار احمد، جب کہ 42 ون ڈے وکٹوں کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی ٹاپ پر رہے۔

گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دیگر ٹیموں کے مقابلے میں کم میچز کھیلنے کی وجہ سے کوئی بھی پاکستانی ٹاپ کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ نہیں بناسکا۔

دیگر انفرادی ایوارڈز کا اعلان 25 اور 26 جنوری کو کیا جائے گا جس میں امپائر آف دی ایئر، ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور دی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ بے مثال کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو سر گار فیلڈ سوبرز ٹرافی دی جائے گی۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر کے کپتان مقرر

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں پانچ آسٹریلوی، دو بھارتی اور دو انگلش کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے بھی ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کے جو کھلاڑی اس فہرست میں شامل ہیں اس میں اوپنر عثمان خواجہ، مڈل آرڈر بلے باز ٹریوس ہیڈ، وکٹ کیپر ایلکس کیری اور فاسٹ بالرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔

عثمان خواجہ گزشتہ سال ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز تھے جب کہ پیٹ کمنز 42 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

نیوزی لینڈ کی نمائندگی کین ولیمسن اور سری لنکا کی نمائندگی دیموتھ کرونارتنے کر رہے ہیں جب کہ روی چندن ایشون اور رویندرا جڈیجا اس ٹیم میں بطور اسپین آل راؤنڈرز موجود ہیں۔

انگلینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ اور اسٹیورٹ براڈ بھی اس ٹیم میں شامل ہیں۔ اسٹیورٹ براڈ کی اس ٹیم میں شمولیت اس لیے بھی حیران کن ہے کیوں کہ وہ گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

ون ڈے ٹیم آف دی ایئر، کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں

ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی غیر موجودگی حیران کن ہے، خاص طور پر اس وقت جب بابر اعظم نے ایک ہزار سے زائد رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 40 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔

آئی سی سی نے اس ٹیم میں جن کھلاڑیوں کو شامل کیا اس میں چھ بھارتیوں کے ساتھ ساتھ دو آسٹریلوی، دو جنوبی افریقی اور ایک کیوی کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹیم کی قیادت کے لیے روہت شرما کو چنا گیا جنہوں نے گزشتہ سال ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ میچز جیتے۔ ان کی طرح ایک ہزار ون ڈے رنز بنانے والے شبمن گل اور وراٹ کوہلی بھی اس لسٹ میں موجود ہیں۔ تین بھارتی بالرز کلدیپ یادیو، محمد شامی اور محمد سراج کو بھی اس فہرست میں رکھا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر یائنریخ کلاسن اور آل راؤنڈر مارکو ہینسن کو ان کی انفرادی کارکردگی اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو شان دار بلے بازی کی وجہ سے اس ٹیم میں شامل کیا گیا، جب کہ ورلڈ کپ فائنل میں سینچری بنانے والے ٹریوس ہیڈ اور اسپنر ایڈم زیمپا بھی سال کی بہترین ٹیم میں موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ائیر میں سوریا کمار یادیو سمیت چار بھارتی کھلاڑی شامل

سن 2023 میں جہاں پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی میچز کی تعداد کم تھی وہیں دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں نے زیادہ میچز کھیل کر سال کی بہترین ٹیم میں جگہ بنائی۔

گزشتہ سال 18 میچز میں 733 رنز بنانے والے بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو کو اس ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جس میں ان کے علاوہ تین اور بھارتی کھلاڑی ارشدیپ سنگھ، روی بشنوئی، اور یشاسوی جیسوال شامل ہیں۔

انگلینڈ کے فل سالٹ، ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن، نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین اس ٹیم میں بطور بلے باز جب کہ یوگنڈا کے الپیش رامجانی اور زمبابوے کے سکندر رضا آل راؤنڈرز ہوں گے۔ آئرلینڈ کے مارک اڈیر اور زمبابوے کے رچرڈ نگاراوا بطور بالرز اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یوگنڈا کے الپیش رامجانی کی اس فہرست میں شمولیت اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ اس سے قبل یوگنڈا سے کوئی بھی کھلاڑی اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا۔ انہوں نے 2023 کے دوران 449 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 55 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔

وہ اس سال مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کے ساتھ ساتھ مینز ایسو سی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہیں جن کا اعلان ایک دو روز میں کیا جائے گا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG