رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: ٹیموں کے لیے انعامی رقم کا اعلان، پاکستان کو کتنے ڈالر ملیں گے؟


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2021 کے لیے انعامات کا اعلان کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر 38 لاکھ ڈالر کی رقم نو ٹیموں میں تقسیم کی جائے گی۔

آئی سی سی کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سات جون سے دی اوول میں شروع ہونے والے فائنل کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالرز ملیں گے جب کہ رنرز اپ کو آٹھ لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سات جون سے شروع ہو گا۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کی ٹیم کو چار لاکھ 50 ہزار ڈالرز، چوتھے نمبر پر آنے والی انگلینڈ کو تین لاکھ 50 ہزار ڈالرز، پانچویں نمبر پر آںے والی سری لنکا کو دو لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر نیوزی لینڈ، ساتویں میں پاکستان، آٹھویں پر ویسٹ انڈیز اور نویں نمبر پر آنے والی بنگلہ دیش کو ایک، ایک لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی نے 2019 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کیا تھا جس میں دو سال کے عرصے کے دوران مختلف ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی بنیاد پر 2021 میں لارڈز میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کھیلا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے اس میچ میں کامیابی حاصل کر کے ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے سائیکل یعنی 2023-2021 کے دوران بھی پاکستان کی ٹیسٹ میچز میں کارکردگی مایوس کُن رہی تھی۔ پاکستان کو گزشتہ برس آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک، صفر سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب انگلینڈ نے گزشتہ برس کھیلی جانے والی سیریز میں پاکستان کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔ رواں برس پاکستان، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی بمشکل بچانے میں کامیاب رہا تھا اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بے نتیجہ رہی تھی۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے سائیکل میں پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آئی تھی۔

XS
SM
MD
LG