رسائی کے لنکس

 ایران کی چھ ارب ڈالر تک  رسائی روکنے کی قرار دا د امریکی ایوان نمائندگان  میں منظور


 ٹکساس کے رکن کانگریس اور ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ، مائیکل میکال، فائل فوٹو
ٹکساس کے رکن کانگریس اور ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ، مائیکل میکال، فائل فوٹو

امریکی ایوان نمائندگان نے جمعرات کو ایک دو جماعتی بل کی منظوری دی جس کے تحت ایران کی ان چھ ارب ڈالر تک رسائی مسدود ہو جائے گی جو امریکہ نے قیدیوں کے ایک تبادلے کے سلسلے میں منتقل کیے تھے ۔ یہ قدم ری پبلکنزنے گزشتہ ماہ اسرائیل پر حماس کے مہلک حملوں میں ایران کے مبینہ کردار کے رد عمل میں اٹھایا ہے۔

“ ایرانی دہشت گردی کے لیے کوئی فنڈ نہیں”، کے عنوان سے یہ بل 119 کے مقابلے میں 307 ووٹوں سے منظور ہوا جب کہ ری پبلکنز نے بائیڈن انتظامیہ کوبقول ان کے مشرق وسطیٰ میں ایرانی حمایت یافتہ دہشت گردی کے لیے مالی اعانت میں شامل ہونے کا مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی۔

بحث کے دوران، ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ری پبلکن چیئر مین مائیکل میکال نے کہا ، خطے میں اس عدم استحکا م کی صورتحال میں ایران کی اسپانسر کی گئی مزید دہشت گردی کے لیے چھ ارب ڈالر تک رسائی ہماری آخری ترجیح ہونی چاہیے ۔

انتظامیہ کے عہدے داروں نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کوئی بھی فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ہیں اور انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر وہ دیے بھی گئے ہیں تو انہیں صرف انسانی ہمدردی کی بنیادی ضروریات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

میکال جیسے ری پبلکن نقاد کہتے ہیں کہ رقم کو صرف انسانی امداد کےلیے محدود کیے جانے کے باوجود اسے دوسری ضروریات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور تہران حماس کو مدد فراہم کرنےکے لیے اس میں سے دوسرے فنڈز نکال سکتا ہے۔

امریکہ اور ایران کےدرمیان اگست میں ایک عارضی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت تہران میں زیر حراست پانچ امریکیوں اور امریکہ میں قید ایرانیوں کی ایک نامعلوم تعداد کی رہائی کے بدلے جنوبی کوریا کے بنکوں سے ایران کے اربوں ڈالر کے منجمد اثاثے قطر منتقل کر دیے گئے تھے ۔

لیکن سات اکتوبر کو حماس کے حملوں کے کچھ دن بعد ، امریکہ اور قطر کے درمیان اس بارے میں اتفاق ہو گیا کہ سر دست ایران اس رقم تک رسائی حاصل نہیں کر سکے گا۔ جب کہ عہدے دار ان فنڈز کو مکمل طور پر منجمد کرنے کے قریب ہی تھے ۔

امریکہ اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بعد ایران سے رہا ہو کر امریکہ پہنچنے والے عماد شرگی اپنے اہل خانہ سے ملتے ہوئے، فوٹو اے پی 19 ستمبر 2023
امریکہ اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بعد ایران سے رہا ہو کر امریکہ پہنچنے والے عماد شرگی اپنے اہل خانہ سے ملتے ہوئے، فوٹو اے پی 19 ستمبر 2023

ریپبلکنز کی حمایت یافتہ یہ قرار داد اب سینیٹ میں پیش ہو گی جہاں یہ امکان نہیں ہے کہ ڈیمو کریٹ اکثریت اس کی حمایت کرے گی ،یا ایران کو مزید کسی رقم کی منتقلی روکنے کے لیے فنڈز پر نئی پابندیاں نافذ کرے گی ۔

اس بل کی مخالفت کرنے والےمتعدد ڈیموکریٹ ارکان نے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے امریکی یرغمالوں کی رہائی کے بدلے رقم کی منتقلی کے فیصلے کا دفاع کیا ، خاص طور پر غزہ میں امریکی یرغمالوں کے حوالے سے۔

ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے اعلیٰ ترین ڈیمو کریٹ گریگری میکس نے ایوان میں بحث کےدوران کہا کہ یہ کوئی آسا ن کام نہیں تھا لیکن اس معاہدے کی بدولت پانچ امریکی خاندان اب ایک بار پھر اپنےگھر وں میں ہیں۔

امریکہ کے اعلیٰ سطحی عہدے داروں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردی کی مدد کرنے سے متعلق ایران کے سابق ریکارڈ کے باوجود اس کے ساتھ بات چیت کے امریکی فیصلے کے دفاع کی کوشش کی ہے ۔ لیکن عہدے داروں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ متعدد عسکریت پسند گروپوں پر ایران کے اثر و رسوخ سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG