ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے ایک بار پھر پُر تشدد رخ اختیار کر گئے ہیں۔ مظاہروں میں پیر کو اس وقت شدّت آئی جب ایک پولیس اہلکار نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا ہے جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ہانگ کانگ میں پُر تشدد مظاہرے، پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ

1
ہانگ کانگ میں گزشتہ چھ ماہ سے جمہوریت کے حق میں مظاہرے جاری ہیں۔ یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا تھا جب رواں سال فروری میں ہانگ کانگ کی پارلیمان میں ایک بل پیش کیا گیا تھا جس کے تحت قیدیوں کو چین منتقل کیا جا سکتا تھا۔

2
مذکورہ بل کے خلاف ہانگ کانگ میں شدید ردعمل آیا اور رواں سال مارچ میں اس بل کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ جس کے بعد سے اب تک وقفے وقفے سے مظاہروں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

3
اتوار اور پیر کو ہونے والے مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے کئی عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی اور پولیس پر پتھر برسائے جب کہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے۔

4
پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل اس وقت فائر کیے گئے جب دفاتر میں کھانے کا وقفہ تھا اور کئی ملازمین کھانے کے لیے دفاتر سے باہر نکلے تھے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران کئی راہ گیر بھاگتے دکھائی دیے جب کہ کچھ نے قریبی شاپنگ مالز میں پناہ لی۔