رسائی کے لنکس

امریکہ: نامزد وزیرِ دفاع سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش


چک ہیگل کو ایران، اسرائیل اور قومی سلامتی کے امور پر اختیار کیے جانے والے اپنے ماضی کے موقف پر سینیٹروں کے بعض سخت سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

صدر براک اوباما کی جانب سے نامزد کردہ امریکہ کے نئے وزیرِ دفاع چک ہیگل اپنی نامزدگی کی توثیق کے لیے جمعرات کو سینیٹ کی 'آرمڈ سروسز کمیٹی' کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران میں چک ہیگل کو ایران، اسرائیل اور قومی سلامتی کے امور پر اختیار کیے جانے والے اپنے ماضی کے موقف پر سینیٹروں کے بعض سخت سوالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

سماعت کے آغاز ہی میں کمیٹی کے ری پبلکن رکن سینیٹر جیمز ان ہوف نے کہا کہ قومی سلامتی کے امور پر چک ہیگل کا موقف ماضی میں "رائے عامہ کے خلاف اور انتہائی پریشان کن" رہا ہے جس کے باعث وہ ان کی نامزدگی کی مخالفت کریں گے۔

اپنے بیانِ حلفی چک ہیگل نے کہا کہ اقوامِ عالم پر امریکہ کی فوجی بالادستی قائم رکھنے، خطرات اور چیلنجوں کے مقابلے میں عالمی برادری کی قیادت کرنے اور اپنے مفادات اور شہریوں کی ہر ممکن طریقے سے حفاظت کرنے کے بارے میں وہ بالکل یکسو ہیں۔

نامزد وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر براک اوباما کے اس مقصد کو پورا کرنے پہ یقین رکھتے ہیں کہ ایران کو ہر صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جائے اور اس کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کیے جائیں۔

اسرائیل کے بارے میں اپنی مجوزہ حکمتِ عملی بیان کرتے ہوئے چک ہیگل نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل کی فوجی بالادستی قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ کی دفاعی بجٹ میں کٹوتیوں کی حمایت کرتے ہیں لیکن اخراجات میں کمی سوچ سمجھ کر کی جانی چاہیے۔

جنگِ ویتنام میں حصہ لینے والے سابق امریکی سینیٹر چک ہیگل پر ایران اور اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں نرم موقف اپنانے پر کڑی تنقید کی جاتی رہی ہے جب کہ ان پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ اسرائیل کی کھل کر حمایت نہیں کرتے۔

رواں ماہ کے آغاز پر صدر اوباما نے چک ہیگل کی امریکہ کے نئے وزیرِ دفاع کی حیثیت سے نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں ایک ایسا رہنما قرار دیا تھا جس کی، ان کے بقول، امریکی افواج کو ضرورت ہے۔

صدر اوباما نے کہا تھا کہ نیبراسکا سے منتخب ہونے والے سابق ری پبلکن سینیٹر اس "دو جماعتی روایت کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی اس وقت واشنگٹن میں اشد ضرورت ہے"۔

سینیٹ کی جانب سے نامزدگی کی توثیق کی صورت میں ہیگل موجودہ وزیرِ دفاع لیون پنیٹا کی جگہ سنبھالیں گے۔
XS
SM
MD
LG