رسائی کے لنکس

کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ، تین پولیس اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے مرکزی شہر میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر ایک پولیس چوکی فائرنگ کی۔

فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ دو اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن دو پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ زخمی ہونے والے راہگیر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

حکام کے بقول بظاہر یہ ہدف بنا کر قتل کرنے کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔

کوئٹہ میں سریاب روڈ کا علاقہ مصروف ہونے کے ساتھ ساتھ حساس بھی تصور کیا جاتا ہے جہاں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز اور پولیس پر مہلک حملے ہو چکے ہیں۔

کوئٹہ میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:44 0:00

شورش زدہ اس صوبے میں کافی عر صے تک خاموشی رہنے کے بعد ایک بار پھر ہدف بنا کر قتل کرنے کے واقعات شروع ہوگئے ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں بھی شیعہ ہزارہ برادری کے دو افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے ہدف بنا کر قتل کر دیا تھا۔

گزشتہ ماہ کو ئٹہ کے علاقے جنا ح ٹاﺅن سے نا معلوم مسلح افراد نے ایک چینی جوڑے کو اغواکر لیا تھا جس کی ذمہ داری داعش کی طرف سے قبول کی گئی تھی۔ اس جوڑے کی بازیابی کے لئے جون کے پہلے عشرے میں سیکورٹی اداروں نے مستونگ میں آپریشن کیا تھا جس میں دو خود کش بمباروں سمیت بارہ افراد ہلاک کئے گئے تھے۔

آپریشن کے دوروز بعد داعش کی طرف سے اس چینی جوڑے کی ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں ایک چینی باشندے کو زندگی کی آخری سانسیں لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

تاہم حکام کی طرف سے چینی باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے اس دعوے کے مصدقہ ہونے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں کو ئٹہ کے نواح میں پولیس کے اعلیٰ افسر عمر الرحمان کو نا معلوم مسلح افراد نے نشانہ بنا کر قتل اور اُن کے بھتیجے بلال الرحمان کو زخمی کیا تھا۔

تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن صوبے میں کالعدم شدت پسندوں تنظیموں کے علاوہ علیحدگی پسند بلوچ عسکری گروپ بھی سرگرم ہیں جو سرکاری املاک، تنصیبات اور اہلکاروں پر جان لیوا حملے کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG