رائے عامہ کے جائزے سے متعلق ادارے، ’گیلپ‘ کا کہنا ہے کہ امریکیوں میں پاکستان کی ملالہ یوسف زئی تیسری سب سے معروف خاتون ہیں۔
رائے عامہ کے اِسی جائزے کے مطابق، امریکی شہری سابق امریکی وزیر خارجہ، ہلری کلنٹن کے سب سے زیادہ معترف ہیں، جب کہ ٹیلی ویژن کی مشہور ہستی، اوپرا وِنفرے دوسرے نمبر پر ہیں۔
ونفرے کو آٹھ فی صد ووٹ پڑے جب کہ 17 برس کی ملالہ یوسف زئی کو پانچ فی صد ووٹ ملے، جن کو طالبان نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا اور بچوں کے تعلیمی حقوق کے فروغ کے سلسلے میں، اُنھیں 2014ء کا امن کا نوبیل انعام دیا گیا۔
ہلری کلنٹن سنہ 2016 کی ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار ہیں، جنھیں پچھلے 13 برس سے متواتر یہ اعزاز ملتا آیا ہے، جنھیں 12 فی صد ووٹ ملے۔
مردوں میں، صدر براک اوباما 19 فی صد ووٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ معروف، جب کہ پوپ فرینسس دوسرے نمبر پر ہیں، جنھیں چھ فی صد ووٹ ملے۔
گذشتہ سات عشروں کے دوران، گیلپ معروف خواتین اور مردوں کے عنوان پر امریکیوں سے اُن کی رائے معلوم کرتے رہے ہیں، جو دنیا کے کسی حصے میں مشہوری کے درجے پر فائز ہیں۔
پولنگ کے طریقہٴکار پر تو سوال اٹھ سکتے ہیں، جس میں ایک طویل مدت سے ملکہ الزبیتھ کو معروف ترین خاتون قرار دیا جاتا رہا۔
ہلری کلنٹن سنہ 1990کے اوائل ہی سے عوام میں معروف درجے پر بتائی جاتی ہیں، جنھون نے سنہ 1993سے تقریباً 19 بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
اوباما پچھلے سات برس سے سب سے زیادہ معروف مرد کے درجے پر ہیں۔ گیلپ کے مطابق، موجودہ امریکی صدر ایک عرصے سے مشہوری کے پہلے درجے پر آتے رہے ہیں۔
رائے عامہ کا یہ جائزہ آٹھ سے 11 دسمبر کے درمیان کیا گیا، جس میں جوان عمر 805 امریکیوں نے حصہ لیا۔ سروے میں غلطی کا امکان چار فی صد بتایا جاتا ہے۔