رسائی کے لنکس

اسلام آباد سے اغوا ہونے والے سابق افغان گورنر بازیاب


فضل اللہ واحدی (فائل فوٹ)
فضل اللہ واحدی (فائل فوٹ)

افغان سفیر عمر ذخیلوال نے کہا کہ سابق گورنر کی رہائی پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی میں اہم ثابت ہو گی۔

پاکستان سے رواں ماہ کے اوائل میں اغوا ہونے والے سابق افغان گورنر فضل اللہ واحدی کو تقریباً دو ہفتوں بعد بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق فضل اللہ واحدی کو خیبر پختونخواہ میں ایک کارروائی کر کے بازیاب کروایا گیا۔

صوابی پولیس کے سربراہ جاوید اقبال نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ بظاہر ملزمان سابق افغان گورنر کو کہیں منتقل کر رہے تھے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اُنھیں بازیاب کروایا۔

’’صوابی مردان روڈ پر یہ جا رہے تھے، (اغواکار، افغان گورنر) کو کہیں اور منتقل کر رہے تھے کہ اُن کو روکا گیا۔ تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے‘‘۔

تاہم اُنھوں نے حراست میں لیے گئے ملزمان کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

افغانستان کے صوبہ ہرات کے سابق گورنر کو 12 فروری کو نامعلوم افراد نے اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے اغوا کر لیا تھا۔

وہ برطانیہ کے ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد تھے۔

اسلام آباد میں افغان سفیر حضرت عمر ذخیلوال نے ایک بیان میں سابق افغان گورنر کی بحفاظت بازیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی سکیورٹی فورسز اور اداروں کی ایک اہم کامیابی ہے۔

افغان سفیر نے کہا کہ سابق گورنر کی رہائی پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی میں اہم ثابت ہو گی۔

فضل اللہ واحدی کا شمار افغانستان کے بااثر سیاست دانوں میں ہوتا ہے اور اُن کے خاندان کا کہنا ہے کہ اُن کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں۔

سابق افغان گورنر کے اغوا کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے کیوں کہ نا تو کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی اور نا ہی اُن کی رہائی کے لیے تاوان یا کوئی اور شرط سامنے آئی۔

فضل اللہ واحدی صوبہ ہرات کے علاوہ صوبہ کنڑ کے گورنر بھی رہ چکے ہیں اور وہ افغانستان کے معاملات میں پاکستان کی مبینہ مداخلت کے ناقد رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG