پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان کشمیر کو دونوں ملکوں کے درمیان تقسیم کرنے والی جنگ بندی لائن پر گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ یہ واقعہ کوٹلی ڈسٹرکٹ کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا ہے۔
نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر راجہ طارق نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع کوٹلی کے نکیال سیکٹر کے سرحدی گاؤں 'دیریڑی' میں ایک گھر پر گولہ لگنے سے 60 سالہ خاتون سلامت بی بی موت کا شکار ہو گئی جبکہ ایک پندرہ سالہ نوجوان زخمی ہوا جو ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔
راجہ طارق کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
گولہ باری کے باعث لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو گئے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔
مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گولہ باری کا سلسلہ سہ پہر تین بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہا۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد متنازع کشمیر میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان اتوار کے روز پہلی بار گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی تقریر کی حمایت میں اتوار کو بھی دارالحکومت مظفرآباد میں ریلی نکالی گئی تھی۔