رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس: وفاقی حکومت کا ایف آئی اے سے تحقیقات کرانے کا اعلان


حکومت کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم میں اسٹیٹ بینک سمیت دیگر مالیاتی اور تحقیقاتی اداروں کے اراکین کو شامل کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم میں اسٹیٹ بینک سمیت دیگر مالیاتی اور تحقیقاتی اداروں کے اراکین کو شامل کیا جائے گا۔

حکومتِ پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔حکومت نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے خلاف کارروائی پولیٹیکل پارٹی آرڈیننس 2002 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں حکومت تحریکِ انصاف کے خلاف سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے تحریکِ انصاف کو ملنے والی فارن فنڈنگ میں مبینہ خرد برد، خیرات کے پیسے سیاسی جماعت کے استعمال میں آنے اور بے نامی اکاؤنٹس سے آنے والی رقوم کی تحقیقات کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کی قیادت سمیت وہ تمام لوگ جو اس سارے عمل میں شامل رہے ہیں، اُن کے کردار کا تعین کر کے اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی اس انکوائری ٹیم میں اسٹیٹ بینک سمیت دیگر مالیاتی اور تحقیقاتی اداروں کے اراکین کو شامل کیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کو سپریم کورٹ بھیجا جائے گا تاکہ تحریکِ انصاف کے خلاف کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی کارروائی لمحہ بہ لمحہ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی جماعت کو فارن ایڈڈ قرار دیا گیا ہے، لہذٰا اس معاملے کی تہہ تک پہنچنا بہت ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر یہی معاملہ کسی اور جماعت کا ہوتا اور تحریکِ انصاف حکومت میں ہوتی تو کئی اپوزیشن رہنما بغیر کسی تحقیق کے جیلوں میں ہوتے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں تحقیقات کے بعد ہی ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

مریم اورنگزیب کی نیوز کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کرپٹ ثابت کرنا اتنا ہی مشکل ہے، جتنا نواز شریف کو ایمان دار ثابت کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG