دنیا کے سب سے بڑی سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے پیر کے روز بتایا ہے کہ اس نے اپنے پلیٹ فارم سے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر کے دوران ایک ارب تین کروڑ جعلی اکاؤنٹ ہٹائے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کے پلیٹ فارم پر جعلی اور من گھڑت معلومات کو ہٹانے کے لیے 35 ہزار سے زائد افراد کام کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس نے کرونا وائرس اور اس کی ویکسین سے متعلق ایک کروڑ 20 لاکھ ایسی پوسٹس ہٹائی ہیں، جنہیں عالمی ماہرین جعلی اور من گھڑت معلومات قرار دے چکے ہیں۔
اسی بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے بتایا کہ کمپنی ان جعلی اکاؤنٹس پر بیرونی اثر و رسوخ کے ہونے کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس نے گزشتہ تین برسوں میں غلط اور من گھڑت معلومات پھیلانے والے 100 سے زائد نیٹ ورک بھی ہٹائے ہیں۔ ایسے نیٹ ورکس میں درجنوں یا سیکڑوں اکاؤنٹ مل کر غلط معلومات پھیلانے میں مصروف ہوتے ہیں۔
'رائٹرز' کے مطابق عالمی وبا کے دوران فیس بک اور ٹوئٹر سمیت عالمی سوشل میڈیا سائٹس پر کرونا وائرس کی ویکسین سے متعلق سازشی نظریات پھیلے۔
یاد رہے کہ فیس بک کی جانب سے یہ اعلان ایسے موقع پر آیا ہے جب امریکی ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی اس بات کا جائزہ لینے جا رہی ہے کہ جعلی اور من گھڑت معلومات سے فیس بک سمیت سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کے نئے پلیٹ فارم کیسے نمٹ رہے ہیں۔