رسائی کے لنکس

کیلیفورنیا: ڈیم کے قریب آباد لوگوں کے اںخلا کا حکم واپس


 اوروول ڈیم کی جھیل
اوروول ڈیم کی جھیل

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا ایک بڑے ڈیم کے قریب کے علاقے میں رہنے والے لگ بھگ دو لاکھ مکینوں کے انخلا کا حکم واپس لے لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کے بڑے ڈیموں میں سے ایک کا ایمرجنسی سپل وے بری طرح متاثر ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی تھی اور حکام نے اس ڈیم کے قریب واقع علاقوں سے لوگوں کو منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔

بیوٹ کاؤنٹی کے شیرف کوری ہنیا نے اعلان کیا ہے کہ لوگ فوری طور پر اپنے گھروں میں واپس آ سکتے ہیں، عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے اوروول ڈیم کی جھیل سے اوپر والے حصے سے بہت زیادہ پانی کو نکال دیا ہے، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر آنے والے طوفان کی صورت میں پانی کو ہنگامی سپل وے کے راستے نکالنے کی ضرورت نہیں رہی ہے۔

تاہم شیرف نے کہا کہ سان فرانسسکو سے 150 میل شمال مشرق میں واقع علاقے میں ہنگامی انخلا کا انتباہ ابھی موجود رہے گا جس کا مطلب ہے کہ اگر صورت حال خراب ہوتی ہے تو وہاں کے مکینوں کو فوری طور پر نکلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

اُنھوں نے کہا کہ گھروں کو واپس آنے والے مکینوں کو "محتاط رہنا ہو گا" اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ ہم انخلا کے لیے ایک اور ہدایت جاری کر سکتے ۔۔ اگر صورت حال تبدیل ہوتی ہے۔"

شیرف نے کہا کہ ڈیم کے متاثرہ سپل وے کے کنکریٹ کے ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچائے بغیر پانی کو وہاں سے خارج کیا جا رہا ہے جب کہ مٹی کے بنے ہوئے ہنگامی سپل وے کی پتھروں اور سیمنٹ کی مدد سے مرمت کا کام بھی جاری ہے تاکہ آئندہ ہونے والی بارش سے پیش بندی کی جا سکے۔

شیرف ہونیا نے کہا کہ "ان اقدام کی وجہ سے وہ خطرہ بہت حد تک کم ہو گیا ہے جب ہم نے انخلا کی ہدایت جاری کی تھی۔''

تاہم انہوں نے مزید کہا کہ "اںخلا کے خطرے کے کم ہونے کی صورت میں لوگ اپنی رزہ مرہ کے معمولات شروع کر سکتے ہیں لیکن اس کے ساتھ وہ مستقبل میں بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہیں۔"

آبی وسائل کے محکمہ کے قائم مقام ڈائریکٹر بل کروئیل نے کہا کہ منگل کی دوپہر تک جھیل میں آنے والے پانی کی مقدار خارج ہونے والے پانی سے بہت کم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ "اس کا مطلب یہ ہے۔۔۔ کہ صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔"

گزشتہ اتوار کو کیلیفورنیا کے محکمہ آبی ذخائر نے کہا تھا کہ کیلیفورنیا میں اوروول ڈیم کا متاثرہ ہنگامی سپل وے ٹوٹ سکتا ہے جس سے اوروول جھیل سے آنے والے پانی کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں ہو گا، حکام نے لوگوں کے بڑے پیمانے پر انخلا کا حکم جاری کرنے کے کے فیصلے کا دفاع کیا، اگرچہ کچھ ہی گھنٹوں کے بعد انہوں نے کہا کہ صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG