رسائی کے لنکس

پچاس اوورز میں 498 رنز، انگلینڈ نے ون ڈے کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا


انگلینڈ کی ٹیم نے ون ڈے میچ میں مقررہ 50 اوورز میں سب سے زیادہ 498 رنز بنا کر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔

نیدرلینڈز کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز بنائے۔ جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

جمعہ کو نیدرلینڈز میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو ایک رنز کے اسکور پر اوپنر جیسن رائے آؤٹ ہوگئے جس کے بعد انگلش بیٹرز نے کسی بالر کو نہ بخشا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف اسٹروکس کھیلے۔

انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے جو بٹلر نے 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ملان نے 125 اور فل سالٹ نے 122 رنز اسکور کیے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 498 رنز تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ 26 چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی بنا دیا گیا ہے جب کہ تین بلے بازوں نے 100کا ہندسہ بھی عبور کیا۔

اس سے قبل بھی ون ڈے کرکٹ میں یہ ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہی تھا اور اس نے جون 2018 میں آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 481 رنز اسکور کیے تھے۔

ون ڈے کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں تیسرا نمبر بھی انگلینڈ کا ہی ہے اور اس نے 2016 میں پاکستان کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 444 رنز اسکور کیے تھے۔

واضح رہے کہ انگلیںڈ کی ٹیم ون ڈے کی اننگز میں مجموع طور پر پانچ مرتبہ چارسو رنز سے زائد رنز بنا چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG