رسائی کے لنکس

کابل: تین بھارتی قیدیوں کے بدلے 11 طالبان قیدی رہا


طالبان کے رہا ہونے والے قیدیوں میں صوبے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو)
طالبان کے رہا ہونے والے قیدیوں میں صوبے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو)

افغانستان میں امریکہ کے زیر استعمال بگرام فوجی اڈے سے 11 طالبان قیدیوں کو مبینہ طور پر رہا کر دیا گیا ہے۔ اُن کی رہائی طالبان کی قید سے تین بھارتی افراد کی رہائی کے بدلے میں عمل میں آئی ہے۔

طالبان کے ذرائع نے اتوار کے روز بتایا کہ قیدیوں کا یہ تبادلہ افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں کیا گیا۔

طالبان کے رہا ہونے والے قیدیوں میں صوبے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں رہا ہونے والے طالبان قیدیوں کو طالبان کے ارکان کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ اُنہیں فی الحال اس بارے میں تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں اور وہ ان کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد آگاہ کریں گے۔

امریکی حکام یا افغان حکومت کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی قیدیوں کو گزشتہ برس چار افغان اہلکاروں کے ساتھ اُس وقت طالبان نے گرفتار کر لیا تھا جب وہ بغلان صوبے میں بجلی کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

ان بھارتی افراد میں سے ایک فرار ہو کر رواں سال مئی میں بھارت پہنچ گیا تھا جبکہ باقی بھارتی شہریوں کے بارے میں اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG