عیدالاضحیٰ پر جہاں دنیا بھر کے مسلمان ایثار و قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر سنّت ابراہیمی ادا کرکے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے وہیں دوسری جانب گوشت کی تقسیم کے بعد مرحلہ آتا ہے مزے مزے کے چٹخارے دار پکوان کھانے اور بنانے کا۔
قربانی کے گوشت سے مختلف اقسام کے چٹ پٹےکھانے بنانے کا رواج گھروں میں تو عام ہے جہاں خواتین کھانوں کی تیاری کیلئے کچن میں جُت جاتی ہیں مگر اب ہوٹلوں اورپکوانوں کی دکانوں سے بھی ذائقے دار کھانے آرڈر پرتیار کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
روشنیوں کے شہر 'کراچی' کی مشہور فوڈ اسٹریٹ پر بھی عید ِقرباں کے گوشت سے پکوان تیار کرکے دینے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اپنے گھر سے قربانی کا گوشت لاکر کھانے تیار کرنے کے آرڈر بک کروا رہے ہیں۔
شہر کی مشہور فوڈ اسٹریٹ پر ویسے تو سارا سال کھانے فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے مگر عید ِقرباں کے موقع پر قربانی کے گوشت سے مختلف انواع و اقسام کے پکوان تیار کرکے دئےجارے ہیں جسمیں سیخ کباب، گولا کباب، ہنٹر بیف، ملائی بوٹی، تکے، کٹاکٹ، سجی اور دیگر چٹ پٹے کھانے شامل ہیں۔
وائس آف امریکہ کی نمائندہ سے گفتگو میں آرڈر پر سجّی تیار کرنے والے ہوٹل کے مالک نے بتایا کہ، ’ایک سجی تیار کرنے کے 250 روپے لیتے ہیں جسمیں مصالحے اور بنائی شامل ہوتی ہے جبکہ سجی بنانے کا آرڈر ایک دن پہلے بُک کرتے ہیں کیوں کہ سجی کیلئے کئی گھنٹے پہلے مصالحے لگا کر رکھاجاتا ہے، اسکے بعد سجی کو دہکتے کوئلوں پر تیار کیاجاتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویسے تو لوگ گھروں میں پکوان تیار کرتے ہیں مگر باہر سے بنوا کر کھانے کا ایک الگ ہی مزہ ہوتا ہے۔
کباب فروخت کرنےوالے دکاندار نے وائس آف امریکہ کی نمائندہ کو بتایا کہ، ’ہمارے ہاں گوشت لے کر آرڈر پر سیخ کباب تیار کئے جارہے ہیں۔ سیخ کباب فی کلو گوشت پر 200 روپے کے حساب سے چارج کر رہے ہیں۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ، ’جیسے جیسے لوگ قربانی کررہے ہیں ویسے ہی ہمارے پاس آرڈر آرہے ہیں جبکہ عید کے دوسرے اور تیسرے دن ان آرڈرز میں اضافہ ہوتا ہے جو تقریبا پورا مہینہ جاری رہتا ہے۔‘
آرڈر پر کھانے تیار کروانے کے لیے آئے ایک شہری کا کہنا تھا کہ، ’گھروں میں تیار کئے ہوئے پکوانوں میں وہ روایتی ذائقے کی کمی رہتی ہے جسکے باعث وہ ہوٹلوں اور مختلف پکوان تیار کرنے والوں کا رخ کرتے ہیں جہاں گوشت دیکر بنے بنائے پکوان مل جاتے ہیں اگر بڑے پیمانے پر دعوتوں کا اہتمام کرنا ہو تو یہ طریقہ بہت اچھا ہے کہ باہر سے کھانے بنوالئے جائیں۔‘
فوڈ اسٹریٹ پر ویسے تو سارا سال کھانے فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے مگر عید قرباں کے موقع پر قربانی کے گوشت سے مختلف انواع و اقسام کے پکوان تیار کرکے دیئے جا رہے ہیں۔ ان کھانوں میں سیخ کباب، گولا کباب، ہنٹر بیف، ملائی بوٹی، تکے، کٹاکٹ، سجّی اور دیگر چٹ پٹے کھانے شامل ہیں۔
مقبول ترین
1