’یوم ارض‘ کے موقع پر، ہفتے کو واشنگٹن کے نیشنل مال پر ایک ریلی نکالی گئی اور محفل موسیقی منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
واشنگٹن یادگار کے قریب منعقدہ سنہ 2015کے گلوبل سٹیزن ارتھ ڈے کنسرٹ میں عشر، میری جے بلج، گوین اسٹیفنی اور، ’کامن اینڈ ٹرین‘ نے اپنے فن کے جوہر دکھائے، جس کا انعقاد ’ول ڈاٹ آئی ڈاٹ ایم‘ اور مشہور صحافی سولیڈاڈ اوبرائن تھیں۔
ریلی کا انعقاد ’گلوبل پاورٹی پراجیکٹ‘ کی مشترکہ وساطت سے کیا گیا، جو انتہائی غربت کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔
منتظمین دنیا بھر میں غربت اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی جستجو کررہے ہیں۔
کیتھلین راجرز ’یوم ارض‘ نیٹ ورک کی صدر ہیں۔
بقول اُن کے، ’چاہے معاملہ نقل مکانی کا ہو، مٹی کے تودے گرنے کا، سمندروں میں پانی کی سطح کم ہونے کا، چرند پرند کی اقسام کے معدوم ہونے کا معاملہ ہو یا عمارتی لکڑی کاٹے جانے کا۔۔ یہ تمام چیزیں غربت کا سبب بنتی ہیں، جب کہ اِنہی کے باعث موسیماتی تبدیلی کے مسائل جنم لیتے ہیں‘۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون؛ عالمی بینک کے صدر جِم ینگ کِم؛ اداکار، ڈون شیڈلے اور ’کولڈ پلے‘ سے وابستہ کرس مارٹن شرکا سے خطاب کریں گے۔
یہ محفل موسیقی اور ریلی ایسے وقت ہو رہی ہیں جب عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے موسم بہار کے اجلاس ہو رہے تھے۔ اور توقع ہے اِن اداروں کے چوٹی کے اہل کار بھی ریلی سے خطاب کریں گے۔
ارتھ ڈے سرکاری طور پر بدھ، 22 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ اس سال یوم ارض کی 45 ویں سالگرہ ہے۔