ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط لکھا ہے: صدر بائیڈن
سبک دوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اُنہوں نے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط لکھا ہے۔
امریکہ میں یہ بھی روایت ہے کہ سبک دوش ہونے والا صدر آنے والے صدر کے نام ایک خط لکھتا ہے جو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کے دراز میں رکھا جاتا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق صدر بائیڈن نے یہ نہیں بتایا کہ اُنہوں نے خط میں کیا لکھا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چار سال قبل صدارت سے سبک دوش ہونے سے قبل جو بائیڈن کے نام خط لکھا تھا۔
مزید تفصیلات دیکھیے اس ویڈیو میں۔۔
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچ گئے
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ سبک دوش ہونےو الے صدر جو بائیڈن اور اُن کی اہلیہ نے استقبال کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ وائٹ ہاؤس میں جو بائیڈن اور اُن کی اہلیہ جل بائیڈن سے چائے پر ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ حلف برداری کے لیے کیپٹل ہل جائیں گے۔
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے لیے روانہ
امریکہ کے منتخب صدر سینٹ جونز چرچ میں سروس میں شرکت کے بعد وائٹ ہاؤس کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ جہاں صدر جو بائیڈن اور اُن کی اہلیہ منتخب صدر اور اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا استقبال کریں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ سبک دوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور اُن کی اہلیہ کے ساتھ چائے پر ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ کیپٹل ہل کے لیے روانہ ہوں گے۔
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سروس میں شرکت کے لیے سینٹ جونز چرچ پہنچ گئے
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارت کا حلف اُٹھانے سے قبل تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی کے سینٹ جونز چرچ پہنچ گئے ہیں۔
حلف برداری سے قبل امریکہ کے نو منتخب صدور کی وائٹ ہاؤس کے نزدیک واقع اس چرچ کی سروس میں شرکت بھی ایک روایت ہے۔