امریکی صدر کی حلف برداری کے دن کیا کیا ہو گا؟
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج امریکی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 47 منٹ پر اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔ وہ امریکہ کے 47 ویں صدر ہیں اور اسی مناسبت سے ان کی حلف برداری کے لیے اس وقت کا انتخاب کیا گیا ہے۔
امریکی صدور کی حلف برداری کئی تقریبات اور روایات کا مجموعہ ہوتی ہے اور اسی مناسبت سے پیر کو بھی حلف برداری کی مرکزی تقریب کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں کئی ایونٹس ہوں گے۔
نو منتخب صدر دن کا آغاز وائٹ ہاؤس کے قریب واقع سینٹ جونز ایپسکوپل چرچ میں ایک سروس میں شرکت سے کریں گے۔
حلف برداری سے قبل امریکہ کے نو منتخب صدور کی وائٹ ہاؤس کے نزدیک واقع اس چرچ کی سروس میں شرکت بھی ایک روایت ہے۔
سروس کے بعد منتخب صدر وائٹ ہاؤس کے قریب واقع صدارتی مہمان خانے بلیئر ہاؤس جائیں گے۔ اس کے بعد جو بائیڈن اپنی اہلیہ جل بائیڈن کے ہمراہ منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ کا وائٹ ہاؤس میں استقبال کریں گے اور چائے پر ملاقات کریں گے۔ یہ تقریب روایتی طور پر نئے صدر کے استقبال کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔
وائٹ ہاؤس ٹی کے بعد منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیپٹل ہل کے لیے روانہ ہوں گے۔ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کیپٹل ہِل کے کینن روٹنڈا ہال میں ہو گی۔
امریکی صدور کی حلف برداری کی تقریب روایتی طور پر کیپٹل بلڈنگ کے باہر 'نیشنل مال' پر ہوتی ہے جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوتے ہیں۔ مگر اس بار سخت سردی کی وجہ سے یہ تقریب بلڈنگ کے اندر منتقل کر دی گئی ہے۔
وکٹری ریلی کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈانس
ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل وکٹری ریلی
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل واشنگٹن ڈی سی میں منعقد وکٹری ریلی میں شرکت کی ہے۔ شدید ٹھنڈ میں حامیوں کی بڑی تعداد کیپیٹل ون ارینا پہنچی۔ اس ریلی کا احوال جانیے اس رپورٹ میں۔
ٹرمپ کیپٹل ون ارینا کیوں جائیں گے؟
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں ایک مصروف دن گزاریں گے۔ اس روز وہ کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل میں صدارت کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کیپٹل ون ارینا جائیں گے۔
کیپٹل ون ارینا واشنگٹن ڈی سی میں ہی اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ ارینا ہے جہاں تقریباً 20 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
کیپٹل ون ارینا میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ کلچرل پروگرامز بھی ہوتے ہیں لیکن پیر کو اس اسٹیڈیم میں صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب بڑی بڑی اسکرینز پر براہِ راست دکھائی جائے گی۔
منتخب صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر ایک بیان میں کہا ہے کہ کیپٹل ون ارینا پیر کو حلف برداری کی تقریب براہِ راست دکھانے کے لیے کھلا ہو گا اور وہاں پریڈ بھی ہو گی۔
ٹرمپ کے مطابق وہ حلف برداری کی تقریب کے بعد کیپٹل ون ارینا میں کراؤڈ کو جوائن کریں گے۔
واشنگٹن ڈی سی میں پیر کو شدید ٹھنڈ کی پیش گوئی کے باعث ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب ان ڈور منتقل کی گئی ہے۔ یعنی اب ٹرمپ کیپیٹل ہل کے سامنے اوپن ایئر کے بجائے کیپٹل ہل کی عمارت کے اندر روٹنڈا ہال میں اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔
اس سے قبل 1985 میں صدر رونلڈ ریگن کی دوسری مدتِ صدارت کی حلف برداری کی تقریب شدید موسم کے باعث روٹنڈا ہال میں ہوئی تھی۔