صدر ٹرمپ کا ایک بار پھر پاناما کینال واپس لینے کی خواہش کا اظہار
اپنے پہلے خطاب میں ایک بار پھر صدر ٹرمپ نے پاناما کینال واپس لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو پاناما کینال کبھی واپس نہیں دینی چاہیے تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ صدر جمی کارٹر کی طرف سے 1977 میں دستخط کیے گئے معاہدے کی روح کی خلاف ورزی کی گئی۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ نے 1999 میں نہر پانامہ کے حوالے کردی تھی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاناما کینال سے گزرنے کے لیے امریکی بحری جہازوں سے اوور چارجنگ کی جاتی ہے جو غیر منصفانہ ہے۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ چین، پاناما کینال کو آپریٹ کر رہا ہے۔
پاناما کینال سے متعلق دیکھیے یہ ویڈیو۔۔۔
صدر ٹرمپ نے انوگریشن ڈے کو 'لبریشن ڈے' قرار دے دیا
صدر ٹرمپ نے اپنے انوگریشن ڈے کو 'لبریشن ڈے' قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ صدارتی انتخابات کو امریکی تاریخ کے سب سے نتیجہ خیز انتخابات کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
مریخ پر امریکی جھنڈا لہرانا چاہتے ہیں: صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں امریکہ کے خلائی مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ "میں امریکی خلا بازوں کو خلا میں بھیجنا چاہتا ہوں۔ ہم ستاروں کا کھوج لگائیں گے، ہم مریخ پر اپنا پرچم لہرائیں گے۔"
صدر ٹرمپ کا امریکہ کی جنوبی سرحد پر ایمرجنسی لگانے کا اعلان
امیگریشن پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ، میکسیکو بارڈر پر ایمرجنسی لگانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر جاری کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس اعلان پر ری پبلکن ارکان اور سوئنگ ریاستوں کے بعض ڈیمو کریٹک ارکان نے بھی تالیاں بجائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس انتخابی وعدے کو بھی دہرایا جس کے تحت امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے لیے تاریخ کی بڑی مہم شروع کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ میں غیر قانونی طور پر داخلے کو مکمل طور پر روکا جائے گا۔