رسائی کے لنکس

 بدنام  امریکی اسپورٹس فزیشن  پر  جیل میں چاقوسے حملہ


 مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے سابق اسپورٹس فزیشن، لیری نیسر جو اس وقت جنسی زیادتی کے الزامات میں جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں ۔ فائل فوٹو
مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے سابق اسپورٹس فزیشن، لیری نیسر جو اس وقت جنسی زیادتی کے الزامات میں جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں ۔ فائل فوٹو

امریکی حکام نے پیر کو رپورٹ کیا کہ امریکی اسپورٹس فزیشن لیری نیسر ، جو امریکہ کی ممتاز خاتون جمناسٹوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں کئی دہائیوں تک قید کی سز ا کاٹ رہے ہیں ، وفاقی جیل میں ایک اور قیدی کے ساتھ جھگڑے کے دوران چاقو کے حملے میں زخمی ہو گئے۔

59 سالہ نیسر پر، جو کبھی یو ایس اے جمناسٹک اور مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے لیے کام کیا کرتے تھے ، اتوار کو جنوبی ریاست فلوریڈا میں یونائیٹڈ اسٹیٹس پینیٹینٹری کولمین میں پیٹھ، سینے اور گردن میں چاقوسے وار کئے گئے۔ حکام نے بتایا کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

حالیہ برسوں میں ٹرائلز میں، نیسر نے طبی علاج اور امتحانات کی آڑ میں ایتھلیٹس کے ساتھ جنسی زیادتی کا اعتراف کیا تھا۔ متاثرین میں امریکی گولڈ میڈلسٹ سمون بائلز، میک کایلہ مارونی اور ایلی رئیس مین شامل ہیں۔

امریکی جمناسٹک چیمپئین سمون بائلز۔ فائل فوٹو
امریکی جمناسٹک چیمپئین سمون بائلز۔ فائل فوٹو

2018 میں طبی علاج کی آڑ میں کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے کے دوران 160 سے زیادہ لڑکیوں، خواتین اور والدین نے ان کے جنسی استحصال کے اثرات کو بیان کرتے ہوئے گواہی دی تھی ۔ ان میں سے کچھ نے گواہی دی تھی کہ دو دہائیوں سے زیادہ کے جنسی استحصال کے دوران انہوں نے کوچز اور ایتھلیٹک ٹرینرز سمیت متعدد متعلقہ لوگوں کو بتایا تھا کہ کیا ہو رہا ہے لیکن ان کے خلاف کوئی رپورٹ نہیں درج کرائی گئی ۔

یو ایس اے جمناسٹکس نے اپنی اندرونی تحقیقات کی تھی، اور تنظیم کے اس وقت کے صدر سٹیفن پینی نے ان الزامات کی اطلاع انڈیانا پولس میں ایف بی آئی کے فیلڈ آفس کو دی۔ لیکن بیورو کو باضابطہ تحقیقات شروع کرنے میں مہینوں لگ گئے۔

2021 میں، متاثرہ ایتھلیٹس کا یو ایس اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی، یو ایس اے جمناسٹکس اور ان کی انشورنس کمپنیوں کے ساتھ یہ سمجھوتہ طے پایا کہ انہیں 380 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کیا جائے۔

امریکی جمناسٹک ٹیم کی ارکان۔ فائل فوٹو
امریکی جمناسٹک ٹیم کی ارکان۔ فائل فوٹو

ججوں نے نیسر کو اس کے جرائم پر کم از کم 40 سال اور زیادہ سے زیادہ 175 سال قید کی سزا سنائی۔

محکمہ انصاف کے انسپکٹر جنرل نے جولائی 2021 میں کہا تھا کہ ایف بی آئی نے نیسر کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات کی تحقیقات میں "بنیادی" غلطیاں کیں اور اس معاملے کو "انتہائی سنجیدگی" سے نہیں دیکھا۔

دو سال قبل، امریکی محکمہ انصاف نے ایک تہلکہ خیز رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سینئر حکام، اور اس کے فوجداری تفتیشی یونٹ کی جانب سے نیسر کے خلاف جنسی استحصال کے دعووں کی ابتدائی تحقیقات میں ناکامی کے نتیجے میں، اس کی جانب سے زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا ۔

(وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG