رسائی کے لنکس

کیا سلمان خان کی فلم 'کِک' کا سیکوئل آنے والا ہے؟


  • ساجد نادیادوالا نے اپنی پوسٹ میں سلمان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "یہ ایک زبردست کک 2 فوٹو شوٹ تھا سکندر۔" انہوں نے پوسٹ کے آخر میں 'کک 2' اور 'سکندر' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
  • سوشل میڈیا پوسٹ پر مداحوں پیش گوئی کر رہے ہیں کہ شاید سلمان خان فلم 'سکندر' کے ساتھ ساتھ 'کک ٹو' پر بھی کام کر رہے ہیں۔
  • ایکشن کامیڈی فلم 'کک' 2014 میں ریلیز ہوئی تھی اور فلم کی ہدایات ساجد نادیادوالا نے ہی دی تھیں۔
  • 'کک' کے سیکوئل سے متعلق سلمان خان یا ہدایت کار کی جانب سے کوئی آفیشل اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

ویب ڈیسک _ بالی وڈ اسٹار سلمان خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم 'سکندر' پر کام کر رہے ہیں جو ممکنہ طور پر 2025 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ تاہم ہدایت کار و پروڈیوسر ساجد نادیادوالا نے فلم 'کک' کے سیکوئل کی طرف اشارہ دیا ہے۔

'کک' کے سیکوئل سے متعلق فی الحال کوئی آفیشل اعلان تو سامنے نہیں آیا لیکن ساجد نادیادوالا نے جمعے کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جسے مداح 'کک ٹو' کی طرف اشارہ سمجھ رہے ہیں۔

ساجد نادیادوالا نے اپنی پوسٹ میں سلمان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "یہ ایک زبردست کک 2 فوٹو شوٹ تھا سکندر۔" انہوں نے پوسٹ کے آخر میں 'کک 2' اور 'سکندر' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے متعدد کمنٹس کیے گئے جس میں وہ پُر جوش نظر آرہے ہیں کہ شاید سلمان خان فلم 'سکندر' کے ساتھ ساتھ 'کک ٹو' پر بھی کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایکشن کامیڈی فلم 'کک' 2014 میں ریلیز ہوئی تھی اور فلم کی ہدایات ساجد نادیادوالا نے ہی دی تھیں۔

'کک' میں سلمان خان، جیکلین فرنینڈز اور رندیپ ہوڈا سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم نے 400 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

ساجد نادیادوالا نے فلم 'کک' کے ذریعے ہی ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔

شوبز کی خبریں دینے والی بھارتی ویب سائٹ'پنک ولا' کے مطابق ساجد نادیادوالا نے 'کک' کے سیکوئل سے متعلق 2023 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ "مجھ سے انڈسٹری میں کک 2 سے متعلق بہت پوچھا گیا کہ سیکوئل کب آرہا ہے، میرا وعدہ ہے کہ کک کا سیکوئل ضرور آئے گا۔"

انہوں نے کہا تھا کہ "کک 2 کہانی مکمل لکھی ہوئی ہے لیکن ہمیں وقت درکار ہے۔ ہم اس کی ریلیز کے لیے بہتر وقت کی تلاش میں ہیں۔"

ہدایت کار کی اس پوسٹ کے بعد مداحوں کو لگ بھگ 10 برس بعد فلم کے سیکوئل کا انتظار ہے۔ تاہم 'کک' کے سیکوئل سے متعلق سلمان خان یا ہدایت کار کی جانب سے کوئی آفیشل اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

سلمان خان 2025 میں فلم 'سکندر' میں نظر آئیں گے جسے ساجد نادیادوالا ہی پروڈیوس کر رہے ہیں۔ سکندر کے علاوہ سلمان خان جلد بھارت کے معروف ریئلٹی شو 'بگ باس سیزن 18' کی میزبانی کرتے بھی نظر آئیں گے جس کا پریمیئر چھ اکتوبر کو کلرز ٹیلی وژن پر ہو گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG