رسائی کے لنکس

اوہائیو: ڈیموکریٹ پرائمری انتخاب، ووٹنگ ملتوی


امریکی ریاست اوہائیو کے گورنر نے اپنی ریاست میں ڈیموکریٹک پارٹی کیلئے پرائمری انتخابات میں ووٹنگ ملتوی کر دی ہے۔ یہ اقدام کرونا وائرس کے باعث صحت کو درپیش خطرات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کے انتخاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ پر بے یقینی کی فضا اس وقت چھائی جب اوہائیو کے گورنر مائیک ڈیوائین نے اعلان کیا کہ ان کی ریاست میں ہونے والی ووٹنگ جون تک ملتوی کی جاتی ہے۔

تاہم، باقی تین ریاستوں میں ووٹنگ پروگرام کے مطابق ہوگی، جن میں فلوریڈا، الینوئے اور ریاست ایریزونا شامل ہیں۔

منگل کے دن کی اس پرائمری میں ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کا انتخاب کریں گے۔ مقابلہ سابق نائب صدر جو بائیڈن اور ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان ہے۔

آج کی ووٹنگ سے پہلے تک نائب صدر جو بائیڈن کو 898 اور ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز کو 745ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہے۔ فلوریڈا میں ڈیلیگیٹس کی تعداد دو سو انیس ہے اور وہاں ووٹنگ ہو رہی ہے۔

ریاست کے گورنر ران دیسانتیس کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے دوران مسلہ نہیں ہو گا، کیونکہ ووٹ ڈالنے میں صرف چند منٹ صرف ہوں گے۔ صحت کے عہدیداروں کے مطابق فلوریڈا میں فی الوقت کرونا وائرس کے 142 مریض ہیں، جبکہ اوہائیو میں 136 ڈیلیگیٹس ہیں اور وہاں کرونا وائرس کے50 مریض ہیں۔

عام حالات میں منگل کی یہ ووٹنگ اصل توجہ کا مرکز ہوتی مگر کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی تشویش نے انتخابی مہم کا جوش و خروش کم کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG