یٹ لائن واشنگٹن کے سلسلے کی یہ تیسری رپورٹ دہشت گردی ، انتہا پسندی ، معاشی اور معاشرتی تنزلی اور سیاسی ابتری سے الجھتے پاکستان کی صورتحال پر امریکہ میں رہنے والے پاکستانی تارکین وطن،امریکی تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے پاکستانی طالبعلموں اور امریکی اور پاکستانی ماہرین کی آرء پر مشتمل ہے۔ رپورٹ کا پہلا حصہ جہاں پاکستانی تارکین وطن کی اپنے ملک سے جذباتی وابستگی اور ملکی مسائل اور ان کے حل کے لئے ان پاکستانیوں کی رائے پر مشتمل ہے جواپنے وطن سے ہزاروں میل دور محنت مزدوری کر کے پاکستان میں اپنے پیچھے رہ جانے والوں کی زندگیاں سنوارنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
رپورٹ کے دوسرے حصے میں ایسے پاکستانی نوجوانوں سے بات کی گئی ہے جو امریکی تعلیمی اداروں میں ایسے مضامین کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو امریکی حکومت کے فیصلہ ساز اداروں تک اپنی آواز پہنچا نے میں ان کی مدد کر سکیں گے یا تھنک ٹینکس کے ساتھ منسلک ہیں اوران کا خیال ہے کہ وہ پاکستان کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں امریکہ کے پالیسی ساز اداروں میں بہتر سمجھ بوجھ پیدا کر سکیں گے۔ رپورٹ کے تیسرے حصے میں پاکستانی اور امریکی ماہرین سے بات کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کے مسائل کا حل کس میں دیکھتے ہیں ۔ پاکستان امریکہ تعلقات ، دہشت گردوں کے خلاف پاکستان اور افغانستان میں جاری لڑائی کا مستقبل اورپاکستانی عوام کے لئے فلاح اور امن کا راستہ کیسے تجویز کرتے ہیں ۔