رسائی کے لنکس

حسیب احسن ایماندار کرکٹر تھے، حنیف محمد


حنیف محمد
حنیف محمد

سابق کھلاڑی کے انتقال پر لٹل ماسٹر حنیف محمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حسیب اچھے اسپن باؤلر تھے مگر ان کی کرکٹ سیاست کی نذر ہو گئی۔

حسیب احسن کرکٹ سے محبت کرنے والے شخص تھے، بحیثیت کھلاڑی یا بورڑ عہدیدار کے انہوں نے کرکٹ کے ساتھ بہت انصاف کیا اور ایمانداری سے اپنا کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے لیجنڈری ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد نے اپنے ایک ساتھی سابق کھلاڑی حسیب احسن کے انتقال پر وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

حنیف محمد نے کہا کہ حسیب اچھے اسپن باؤلر تھے مگر ان کی کرکٹ سیاست کی نذر ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حسیب نے وسیم اکرم سمیت کئی ٹیلینٹڈ کھلاڑیوں کی قومی ٹیم تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

حنیف محمد نے بتایا کہ حسیب احسن ہی تھے جنہوں نے انہیں پی آئی اے کی ٹیم میں شامل کرایا۔

حسیب احسن 15 جولائی 1939ء کو خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پشاور کرکٹ ایسوسی ایشن، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور کراچی کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔

حسیب احسن 1958ء میں قومی ٹیم میں شامل ہوئے جب انہیں آف اسپن باؤلر کی حیثیت سے ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن میں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔ ان کا کیرئیر صرف 12 ٹیسٹ میچوں تک محدود ہے جس میں انہوں نے 27 وکٹیں حاصل کیں۔

ان کے کیرئیر کی بہترین باؤلنگ بھارت کے خلاف تھی جب انہوں نے 1960-61 کی سیریز میں چنائے میں 202 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے 49 میچوں میں 122 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سابق کھلاڑی، اور 1987 میں انگلینڈ کے دورے میں پاکستان کی ٹیم کے مینیجر کے فرائض انجام دینے والے حسیب احسن 8 مارچ کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔
XS
SM
MD
LG