ماؤنٹ ایورسٹ سیاحوں کے لیے بند
نیپال کی حکومت نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر دنیا کے سب سے بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ پر سیاحوں کے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔
نیپالی حکومت نے ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے اجازت نامے حاصل کرنے والوں کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے۔ اسی کے ساتھ دیگر چھوٹے بڑے پہاڑوں پر بھی جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نیپال کے وزیر برائے ثقافت و سیاحت یاگوش بھاٹاریا کا کہنا ہے کہ حکومت نے آن ارائیول سیاحتی ویزوں کو منسوخ کر دیا ہے اور فیصلہ کیا ہے تا حکمِ ثانی موسمِ بہار میں ہونے والے تمام ایونٹ نہیں ہوں گے۔
نئی دہلی میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں اور تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
دہلی میں اب تک کرونا وائرس کے چھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس کی روک تھام کے لیے اسکولوں، کالجز، یونیورسٹیز اور سینمارز رواں ماہ کی 31 تاریخ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ مانش سیسودیا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کسی بھی ایک شخص سے پھیل سکتا ہے اس لیے عوامی اجتماع پر پابندی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کرونا وائرس کے 11 کیسز سامنے آنے کے بعد کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جہاں آئی پی ایل کا پہلا میچ رواں ماہ 29 مارچ کو کھیلا جانا تھا۔
خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے 15 روز کے لیے بند
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے 15 روز کے لیے بند کر دیے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی طرف سے صوبہ بھر کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں ہنگامی بنیادوں پر کرونا وائرس سے متاثرہ یا مشتبہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبے بھر میں سرکاری تقریبات اور عوامی اجتماعات پر پابندی ہے اور ہاسٹلوں میں رہائش پذیر تمام طلبہ کو بھی فوری طور پر ہاسٹلز خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا
پاکستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے خطرات اور حفاظتی تدابیر کا جائزہ لینے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں آج (جمعہ) ہو گا۔
سیاسی اور عسکری قیادت کے اس فیصلہ ساز فورم میں عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے قومی حکمت عملی طے کی جائے گی اور اس ضمن میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِ دفاع، وزیرِ خارجہ، وزیرِ قانون، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔