نئی دہلی کے تعلیمی ادارے اور سنیما بند
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث شہر کے تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا کہ اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ ارند کیجریوال نے کہا کہ نئی دہلی کے تمام سنیما ہال بھی اس عرصے کے دوران بند رہیں گے۔
بھارت کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے کیسز 73 ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو ایک غیر ملکی سمیت مزید 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نئی دہلی میں اب تک کرونا وائرس کے چھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
سندھ حکومت کا پی ایس ایل میچز بغیر شائقین کرانے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی میں شیڈول میچز کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے حکومتی فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
البتہ میڈیا، پروڈکشن ٹیموں اور دیگر ضروری اسٹاف پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔
کراچی میں 12 سے 17 مارچ تک پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچز کھیلے جائیں گے، جس میں ایک پلے آف مرحلے کا میچ بھی شامل ہے۔
پی ایس ایل میچ سے قبل حفاظتی اقدامات
کراچی میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے قبل شائقین نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہن رکھے تھے۔ شائقین کو اسکریننگ کے بعد اسٹیڈیم کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
کرونا وائرس: عالمی سطح پر کھیلوں کے کئی مقابلے منسوخ
فٹ بال کی عالمی تنظیم 'فیفا' نے قطر میں ورلڈکپ کے ایشین کوالیفائر میچوں کو ملتوی کر دیا ہے جب کہ فٹبال کی مہنگی ترین لیگ اسپین کی لا لیگا کے مقابلے روک دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ ریال میڈرڈ کے ایک کھلاڑی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ ٹیم کے باقی تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ انگلش پریمیئر لیگ اور یورپ کی دوسری لیگوں کے مقابلے بھی ملتوی کیے جا رہے ہیں۔