امریکہ میں کرونا وائرس کی شکار پہلی خاتون ہلاک
امریکہ کی ریاست واشنگٹن میں صحت عامہ کے اہل کاروں نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کو امریکہ میں کرونا وائرس کی پہلی مریض ہلاک ہو گئی ہیں۔
ادھر کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد، امریکہ نے ایران کے سفر پر پابندی کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی اٹلی اور جنوبی کوریا کے کچھ علاقوں کے سفر سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے۔
نئی پابندیوں کا اعلان امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کیا کہ امریکہ میں 22 افراد نئے کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، جب کہ مزید کیسز سامنے آسکتے ہیں۔
اٹلی: کرونا وائرس سے 29 ہلاکتیں، مریضوں کی تعداد 1100 سے بڑھ گئی
اٹلی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں کرونا وائرس کے 1000 سے زیادہ مریض موجود ہیں اور اس وائرس سے متاثرہ 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی کے شہری تحفظ کے ادارے کے سربراہ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہفتے کے روز اس وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1128 تک پہنچ گئی۔ عہدے داروں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 8 مریضوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
پاکستان: افغانستان میں کرونا وائرس کے باعث چمن بارڈر بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان نے افغانستان میں کرونا وائرس کے باعث حفاظتی اقدامات کے طور پر پیر سے سرحدی علاقے چمن کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چمن بارڈ ایک ہفتے تک بند رہے گا جب کہ پاک افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی اضلاع میں کرونا وائرس سے شہریوں کو بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان حفاظتی اقدامات کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار، طورخم، لنڈی کوتل اور جمرود کے اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔
چین: کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں پھر تیزی، 573 نئے کیسز رپورٹ
چین میں کرونا وائرس کے 573 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر تیزی آ گئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران رپورٹ ہونے والی یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
دسمبر 2019 سے چین کے وسطیٰ شہر ووہان سے دریافت ہونے والے اس وائرس سے اب تک دنیا بھر میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔