رسائی کے لنکس

حکومت سندھ نے وفاق سے فوج کی خدمات طلب کر لیں


سکھر میں ایک شخص قرنطینہ کی عمارت کے سامنے سے گزرتے ہوئے۔
سکھر میں ایک شخص قرنطینہ کی عمارت کے سامنے سے گزرتے ہوئے۔

کرونا وائرس سے پاکستان میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں سنگین ہوتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے مزید سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں، صوبائی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر فوج کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے آرمی کی مدد سے وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاک ڈاون کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم، صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی ایسا اعلان نہیں کیا گیا، جس میں یہ واضح ہو کہ وہ آئندہ چند روز میں مزید کیا اقدامات اٹھانے والی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ پہلے ہی 15 روز کے لیے شاپنگ پلازا، مالز، ریسٹورنٹس، مارکیٹ اور دیگر کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دے چکی ہے۔

اس کے باوجود، ہفتے کے روز بعض مقامات پر سڑکوں پر ٹریفک رواں نظر آیا، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس جزوی لاک ڈاون کو زیادہ سنجیدہ نہیں لیا۔

تاہم، دوسری جانب صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بدستور بڑھتی چلی جا رہی ہے اور صوبائی محکمہ صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک ان کیسز کی تعداد صوبے بھر میں 292 ہوگئی ہے، جن میں سکھر میں ایران سے آنے والے زائرین کے علاوہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی مریض شامل ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ درجنوں ایسے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جن میں شہری مقامی طور پر اس وائرس سے اثر انداز ہوئے ہیں۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG