رسائی کے لنکس

بھارت میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد 43 تک پہنچ گئی


گاندھی اسپتال، حیدرآباد دکن۔
گاندھی اسپتال، حیدرآباد دکن۔

بھارت میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد پیر کے روز بڑھ کر 43 ہو گئی۔ ان میں کیرالہ کا ایک تین سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

وزارت صحت کے مطابق دہلی، اترپردیش، جموں اور کیرالہ میں ایک ایک شخص کا ٹیسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ تمام متاثرین غیر ملکی دورے پر گئے تھے۔

بھارت میں کروناوائرس سے تاحال کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے پیر کے روز دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی اور آئسولیشن وارڈز، کوارنٹائن سہولتوں، ڈاکٹروں کی دستیابی اور دیگر احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔

تمام ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر سریع الحرکت ایکشن ٹیمیں تشکیل دیں۔

کروناوائرس کی وجہ سے بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمٰن تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں، جن میں وزیر اعظم مودی کو شرکت کرنی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اب وہ بنگلہ دیش نہیں جائیں گے۔

ادھر وزیر خارجہ جے شنکر نے جو کہ پیر کے روز اچانک سری نگر دورے پر پہنچے، ان اسٹوڈنٹس کے اہل خاندان سے ملاقات کی جو کروناوائرس کے خوف سے ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دریں اثنا، کروناوائرس کی وجہ سے پوری دنیا کے بازاروں میں آنے والی گراوٹ کی صورت حال میں پیر کے روز بھارت کے بازار بھی بری طرح لڑھک گئے، جس کی وجہ سے سنسکس میں ایک ہی روز تقریباً 2400 پوائنٹس کی گراوٹ آگئی۔

ماہر معاشیات پروفیسر ارون کمار کے مطابق، چین میں سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے بازار میں گراوٹ آئی ہے۔

گزشتہ دو تجارتی سیشنس میں سرمایہ کاروں کا مجموعی طور پر تقریباً دس لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

بھارت میں اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایسی مندی اس سے قبل کبھی نہیں آئی تھی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG