رسائی کے لنکس

برطانیہ میں ہرے دھنیے کی مقبولیت


برطانیہ میں انڈین پاکستانی کھانوں، خصوصاً کری ڈشز اور چائنیز اسٹئیر فرائی کی پسندیدگی کو ہرے دھنیے کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ بتایا گیا ہے۔

ہرے دھنیے کو جنوبی ایشیائی کھانوں کا ایک لازمی جزو تصور کیا جاتا ہے جبکہ اس کی تازہ پتیوں کا مزہ اورخوشبو ہمیں میکسیکن اور تھائی کھانوں میں بھی ملتی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ ہرے دھنیے کا اصل وطن وسط ایشیا کے علاقے ہیں جہاں سے اسےجنوبی یورپ پہنچایا گیا۔ برطانیہ میں پہلی بار رومیوں نے ہرا دھنیا متعارف کرایا تھا لیکن سرد موسم کی وجہ سے برطانیہ میں اس کی کاشت مشکل ثابت ہوئی اور آہستہ آہستہ ہرے دھنیے کا ذائقہ برطانوی کھانوں سے جاتا رہا ۔

ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق برطانوی عوام کی جڑی بوٹیوں کی خریداری کے رجحان سے پتا چلتا ہے کہ کھانوں میں خوشبو اور ذائقہ کو دوبالا کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی روایتی جڑی بوٹیوں - بیزل تلسی اور پارسلے – نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اپنی مقبولیت کھو ئی ہے اور ان کے مقابلے میں ہرے دھنیے کو برطانیہ میں پسندیدہ مسالے کے طور پرمقبولیت حاصل ہوئی ہے ۔

برطانیہ میں انڈین پاکستانی کھانوں، خصوصاً کری ڈشز اور چائنیز اسٹئیر فرائی کی پسندیدگی کو ہرے دھنیے کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ بتایا گیا ہے۔

برطانوی زرعی کمپنی ویٹا کریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس برطانیہ میں ہرے دھنیے کے 30 ملین پیکٹ اور گھٹیاں فروخت ہوئی ہیں۔

جبکہ دوسری جانب برطانوی کھانوں کے روایتی مسالوں پارسلے کی فروخت 23 ملین ہوئی اور بیزل یا تلسی کے پتوں کی فروخت 19 ملین کی کم تر سطح تک جاپہنچی ہے۔

تحقیقی جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ 30 فیصد لوگوں نے گھروں میں انٹرنیشنل کھانے پکانے شروع کر دئیے ہیں خاص طور پر میکسیکن کھانے، تھائی سوپ اور سلاد گزشتہ برسوں میں انتہائی مقبول ڈشزبن گئی ہیں۔

فجیتا کی پسندیدگی میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس کے مقابلے میں اٹالین کھانے اور اسپگیٹی کی پسندیدگی میں کمی آئی ہے۔

برطانیہ کےسلیبریٹی شیفس کی ٹاپ 21 کھانا پکانے کی کتابوں میں ہرے دھنیے کو بطور مسالہ شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح کھانے پکانے کے شوز اور سلیبریٹی شیفس کو ہرے دھنیے کی مقبولیت کا 30 فیصد ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہرا دھنیا کی مقبولیت میں دوستوں اور خاندان نے 30 فیصد اور ریستورانوں نے 29 فیصد کردار ادا کیا ہے۔

ویٹا کریس سے وابستہ ماہر این نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی فروخت کے رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانوی عوام بین الاقوامی کھانوں کی شوقین قوم ہے۔

XS
SM
MD
LG