رسائی کے لنکس

سی آئى اے پرغفلت کا الزام درست نہیں : سی آئی اے کے سربراہ


امریکہ کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی یا سی آئى اے کے سربراہ لیون پنیٹا نے اپنے ادارے کے خلاف اس الزام کو غلط قرار دیا ہے کہ پچھلے مہینے افغانستان میں ایجنسی کی غفلت کے نتیجے میں سی آئى اے کے سات افسر خود کُش حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

لیون پنیٹا نے ہفتے کے روز اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ سپاہیوں کی مانند سی آئى اے کے ایجنٹوں کو بھی بعض اوقات لازمی طور پر بہت بھاری قیمت پر کسی سفّاک دشمن کو للکارنے کا خطرہ مول لینا پڑتا ہے۔

انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ سی آئى اے کے اہل کاروں نے حفظِ ماتقدم کے اقدامات کیے تھے، نشاندہی کی کہ حملہ آور کو انٹیلی جنس کے دوسرے افسروں کے قریب جانے سے روک دیا گیا تھا اور اُس وقت اُس کی تلاشی لی جانے والی تھی جب اُس نے خود کو دھماکے سے اُڑادیا۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے انٹیلی جنس کے عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ حملہ آور اُردن کا ڈاکٹر اور القاعدہ کا ڈبل ایجنٹ تھا۔

پنیٹا نے کہا ہے کہ ”سی آئى اے کی فتوحات کا بر سرِ عام ذکر نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن یہی فتوحات ہیں جن کی وجہ سے انتہا پسند عناصر جوابی حملے کرتے ہیں۔“

انہوں نے کہا کہ اُن کا ادارہ” انسدادِ دہشت گردی کی جارحانہ کارروائیوں“ کو جاری رکھتے ہو ئے ہلاک ہونے والے ایجنٹوں کو خراجِ عقیدت پیش کرے گا۔

XS
SM
MD
LG