پیغمبرِ اسلام کے خاکے شائع کرنے والے فرانسیسی جریدے 'شارلی ایبڈو' سے منسلک کارٹونسٹ رینالڈ لوزیئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ کبھی پیغمبرِ اسلام کی تصویر کشی نہیں کریں گے۔
'لوز' کے نام سے معروف رینالڈ لوزیئر کے بنائے ہوئے خاکے فرانسیسی جریدے 'شارلی ایبڈو' نے رواں سال جنوری میں اپنے دفتر پر ہونے والے حملے کے بعد اپنے سرِ ورق پر شائع کیے تھے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے سخت احتجاج کیا تھا۔
رواں ہفتے ایک فرانسیسی جریدے کو دیے جانے والے انٹرویو میں لوزیئر نے کہا ہے کہ انہیں پیغمبرِ اسلام کے خاکے بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں رہی۔
ان کے بقول وہ جس طرح فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کے کارٹون بنا بنا کر اکتا گئے تھے بالکل اسی طرح اب انہیں پیغمبرِ اسلام کے خاکے بنانے میں اکتاہٹ ہونے لگی ہے۔
لوزیئر اور ان کے ساتھیوں کے بنائے جانے والے خاکوں کے ردِ عمل میں دو مسلمان شدت پسندوں نے رواں سال سات جنوری کو 'شارلی ایبڈو' کے پیرس میں واقع دفتر میں گھس کر فائرنگ کردی تھی جس سے جریدے کے عملے کےا رکان سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
شدت پسندوں کے حملے کے وقت لوزیئر بھی جریدے کے دفتر میں موجود تھے لیکن وہ محفوظ رہے تھے۔
حملے کے بعد شائع ہونے والے اپنے پہلے شمارے میں 'شارلی ایبڈو' نے اپنے سرِ ورق پر ایک بار پھر پیغمبرِ اسلام کا خاکہ شائع کیا تھا جو لوزیئر نے بنایا تھا۔ جریدے کے اس شمارے کی فرانس میں ریکارڈ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔