رسائی کے لنکس

'شہزاد رائے مردوں کے ماہ نور بلوچ ہیں'


ٹین ائیرز چیلنج کے بعد سوشل میڈیا کو ان دنوں می ایٹ ٹوئنٹی ٹرینڈ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور عام لوگوں سے لے کر سیاست دانوں، کھلاڑیوں اور فنکاروں تک سب اپنی پرانی تصویریں شئیر کر رہے ہیں۔

ٹین ائییر چیلنج میں اپنے نئے اور دس سال پرانے فوٹو ایک ساتھ شئییر کیے جا رہے تھے۔ اس بار لوگ ایک یا کئی ایسی تصاویر پیش کر رہے ہیں جو انھوں نے 20 سال کی عمر میں کھنچوائی تھیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے فیس بک پر این ای ڈی کے مشاعرے کی تصویر پوسٹ کی جس میں وہ شعر سنا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے نصرت بھٹو کے ساتھ فوٹو شئیر کیا۔

امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی، پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان، ناز بلوچ، سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی، مسلم لیگ ن کے رہنما مشتاق منہاس اور ماروی میمن نے بھی 20 سال کی عمر کی تصاویر ٹوئٹ کیں۔

کھلاڑیوں نے بھی اپنی نوجوانی یاد کی۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شعیب اختر اور بھارتی بیٹسمین وریندر سہواگ نے اپنے فوٹو خود دکھائے لیکن آئی سی سی کو جوش آیا تو اس نے مختلف کھلاڑیوں کی 20 سال کی عمر کی ان ایکشن تصاویر ٹوئٹ کرنا شروع کر دیں۔ وقار یونس کی تصویر کے ساتھ ان کا 20 سال کی عمر میں قابل رشک کرئیر ریکارڈ بھی بیان کیا گیا۔

فنکاروں کی تصاویر سے ان کی پرستاروں کو خاص دلچسپی ہوتی ہے۔ بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر، موسیقار عدنان سمیع، پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اور علی ظفر نے اپنی پرانی تصاویر کو ٹوئٹ کیا۔ لیکن سب سے دلچسپ تبصرے شہزاد رائے کی تصویر پر ہوئے۔

ضرور کھوڑو کے ایک ٹوئٹ کے جواب میں شہزاد رائے نے لکھا، خسرو بھائی، ہم بھی کبھی می ایٹ ٹوئنٹی تھے۔ ظاہر ہے کہ یہ اسپیلنگ مسٹیک تھی۔ ضرور کھوڑو نے نام بگڑنے اور شہزاد رائے کی صورت میں فرق نہ پڑنے کا بدلہ ایک ہی ٹوئٹ میں یہ کہہ کر لیا کہ کوئی شہزاد رائے کو می ایٹ ٹوئنٹی میں شرکت سے روکے، کیونکہ ویمپائرز کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں ہے۔

دوسرے بھی پیچھے نہیں رہے۔ فیصل سبزواری نے حیرت کا اظہار کیا، یہ تو پچھلے مہینے کی تصویر ہے بھائی۔ صحافی مہوش اعجاز نے کہا، میرے خیال میں یہ دس منٹ پہلے کی تصویر ہے۔ ایک ٹوئٹ میں شاداب نے لکھا، مردوں کے ماہ نور بلوچ ہیں آپ!

اداکار شان نے 20 سال کی عمر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے خاص طور پر توجہ دلائی کہ ان کے عقب میں ان کی پرانی کار نظر آ رہی ہے۔ پاکستان کے ٹی وی اینکرز حامد میر، وسیم بادامی، اقرار الحسن، رابعہ انعم اور عاصمہ شیرازی بھی پرانی تصویریں ڈھونڈ کر لائے۔

مشہور شخصیات کی فیک آئی ڈیز ایسے مواقع پر متحرک ہو جاتی ہیں۔ بھارت کے سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو اور ملکہ برطانیہ کے ناموں سے بنائے گئے ہینڈلز سے ان کی اس عمر کی تصاویر پوسٹ کی گئیں جب وہ 20 سال کے تھے۔

بلاگر اور شاعر سلمان حیدر نے فیس بک پر لکھا کہ انھیں 20 سال کی عمر کی تصویر نہیں مل رہی۔ کیا وہ دس سال کی عمر کی دو تصاویر پوسٹ کر سکتے ہیں؟

ایک سیاہ فام لڑکے کے روتے ہوئے لیے گئے فوٹو سوشل میڈیا پر یہ کہہ کر شئیر کیے گئے کہ سب 20 سال کی عمر کی تصاویر شئیر کر رہے ہیں لیکن آپ 19 سال کے ہوں تو یہ حال ہوتا ہے۔

ڈیجیٹل حقوق کے لیے سرگرم پاکستانی ایکٹوسٹ نگہت داد نے اس ٹرینڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ ہر اس شخص کا شکریہ جس نے می ایٹ ٹوئنٹی کے تحت اپنی تصویر پوسٹ کی۔ اس سے ٹیکنالوجی کمپنیوں اور حکومتوں کو بہت فائدہ ہو گا جو اپنے بائیومیٹرک ڈیٹابیس اور آڑٹیفشل انٹیلی جینس کی مدد سے مستقبل میں آپ کی نگرانی کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔ آپ نے ان کا کام آسان کر دیا۔

XS
SM
MD
LG