رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کا افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف رواں برس مارچ میں تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف شیڈول سیریز نہیں کھیلے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز نہ کھیلنے کی وجہ طالبان کے خواتین اور لڑکیوں پر عائد کردہ پابندی سے متعلق حالیہ فیصلوں کو قرار دیا ہے۔

افغانستان میں طالبان کی حکومت نے کالجز اور یونیورسٹیوں میں طالبات کی تعلیم پر پابندی عائد کر دی تھی اور حال ہی میں غیر سرکاری تنظیموں میں کام کرنے والی خواتین کو یہ کہہ کر کام سے روک دیا تھا کہ وہ پردہ نہیں کرتیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلوی بورڈ افغانستان سمیت دنیا بھر میں مردوں اور خواتین کے کھیلوں کی ترقی کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے مطابق افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کی بہتری کے لیے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فوری طو رپر کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

افغان شائقینِ کرکٹ نے آسٹریلوی بورڈ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست اور مذہب کو کھیل سے دور رکھنا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG