رسائی کے لنکس

بھارت: مہنگائی کے باعث بین الاقوامی چین کے برگرز سے ٹماٹر غائب


بھارت میں ان دنوں ٹماٹر کی قیمتوں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کا اثر فاسٹ فوڈ چین 'برگر کنگ' پر بھی پڑا ہے جس نے اپنے برگرز اور ریپس میں سے ٹماٹر غائب کر دیے ہیں۔

بھارت میں 'برگر کنگ' کے دو آؤٹ لیٹس کے باہر ایک نوٹس چسپاں کیا گیا ہے جس پر لکھا ہے 'ٹماٹروں کو بھی چھٹیوں کی ضرورت ہے، ہم اپنے کھانوں میں ٹماٹر نہیں ڈال سکتے۔'

فوڈ چین نے یہ وضاحت ملک میں ٹماٹر کی قلت کے سبب کھانے کی کوالٹی متاثر ہونے کے بعد نوٹس کی صورت میں جاری کی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں برگر کنگ سے قبل 'میک ڈونلڈز' اور 'سب وے' نے بھی اپنے مینو سے ٹماٹر ہٹا دیے تھے۔

بھارت میں اس وقت ٹماٹر کا بحران ہے جس کے سبب ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں 450 فی صد تک ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ملک میں مون سون کی بارشوں نے فصلوں اور سپلائی چین کو خاصا متاثر کیا ہے۔

برگر کنگ کے کھانوں سے ٹماٹر ہٹانے پر سوشل میڈیا پیج پر ایک صارف نے سوال کیا کہ "برگرز میں ٹماٹر کیوں نہیں ہیں؟" اس کے جواب میں فوڈ چین نے کہا کہ "ٹماٹر جلد واپس آ جائیں گے، ہم آپ سے صبر کی درخواست کرتے ہیں۔"

البتہ بھارت میں برگر کنگ چلانے والی کمپنی 'ریسٹورینٹ برانڈز ایشیا' نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا۔

بھارت کی ایک ریسرچ تنظیم پربھوداس للادھر کے ہیڈ آف ریسرچ امنیش اگروال کا کہنا ہے کہ "اگر قیمتوں میں اضافہ ہو گا تو ریسٹورینٹس بھی اپنی قیمتوں میں اضافہ کریں گی، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔"

رواں ہفتے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں جولائی کے مہینے میں سبزیوں کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 37 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

بھارت نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے نیپال سے ٹماٹر در آمد کرنا شروع کر دیے ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG