رسائی کے لنکس

سال2017 میں دنیا سے رخصت ہونے والے بالی وڈ اسٹارز


ہر نیا سال جہاں نئی امیدیں لاتا ہے وہیں بیت جانے والا برس بہت سے قیمتی پل اور کچھ ایسے لوگ بھی اپنے ساتھ لے جاتاہے جن کی کمی بہت دیرتک محسوس ہوتی ہے۔ سال 2017 بھی رخصت ہورہا ہے۔ آیئے اس موقع پر رواں سال دنیا سے منہ موڑ جانے والے بالی ووڈ اسٹارز پر ایک تفصیلی نظر ڈالیں:

ششی کپور
جاندار مسکراہٹ،خوبصورت انداز اور عمدہ اداکاری کے بل پر کئی ہٹ فلمیں بھارتی سینما کو دینے والے کپورخاندان کے فردششی کپورطویل علالت کے بعد 4 دسمبر2017 کوچل بسے۔

سن 1938 میں پیدا ہونے والے ششی کپور پرتھوی راج کپور کے بیٹے اور بالی وڈ کے شومین راج کپور کے بھائی تھے۔ ’ستیم ،شیوم ،سندرم’، ’سلسلہ‘، ’کبھی کبھی‘ اور بہت سی دیگر سپرہٹ فلمیں ششی کپور کو اداکاری کی دنیا میں ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔

ونودکھنہ
اونچے، لمبے ہینڈسم اور ’ہیرو‘ کے روایتی امیج پر پورا اترنے والے ونود کھنہ بھی رواں سال کینسر کے خلاف جنگ ہار کر دنیا سے رخصت ہوئے۔

سن 70 کے عشرے میں بالی وڈ میں دھوم مچانے والے ونود کھنہ نے ’امر، اکبر، انتھونی‘ ،’دبنگ‘، ’میرے اپنے‘ اور ’مقدر کا سکندر ‘ سمیت بہت سی فلموں میں کام کیا۔ ونودکھنہ کا فلمی کیرئیر پانچ عشروں پر پھیلا ہوا تھا لیکن اپریل کی 27 تاریخ کو 70 سال کی عمر میں موت نے ونود کھنہ کا ’پیک اپ‘ کرا دیا۔

اوم پوری
اوم پوری ایسے منجھے ہوئے اداکا ر تھے جنہوں نے آرٹس فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشل فلموں میں بھی اپنے کام کا لوہا منوایا اور آخری وقت تک فلموں میں مصروف رہے۔

اوم پوری نے پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لا‘ میں بھی کام کیا اور پاکستانی فینز کو خوش کیا۔ ہارٹ اٹیک کے باعث اوم پوری 6 جنوری کو دنیا چھوڑ گئے۔ وہ 66 برس کے تھے۔

اندرکمار
سلمان خان کی مشہور فلم ’وانٹڈڈ ‘ میں سپورٹنگ کردار بھرپور طریقے سے نبھا کر منفرد پہچان بنانے والے اندر کمار ہارٹ اٹیک کی وجہ سے صرف 44 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اندر کمارنے ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘،’کہیں پیارنہ ہو جائے ‘ اور دیگر فلموں میں کام کیا۔

ریما لاگو
گلیمرلیکن محبت کرنے والی ماں کے روپ میں سلور اسکرین کی ضرورت بن جانے والی اداکارہ ریما لاگو بھی سال 2017 میں موت کے پردے میں چھپ جانے والے بالی وڈ سلیبریٹیز میں شامل ہیں۔

’ہم آپ کے ہیں کون‘،’میں نے پیارکیا‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں ریما لاگو نے سلمان خان کی ماں کا کردار ادا کرکے شہرت سمیٹی۔

ریما لاگو نے ٹی وی ڈرامے بھی کئے۔ ان کا ساس بہو کی نوک جھونک پر مشتمل ڈرامہ ’تو تو میں میں‘ بہت پسند کیا گیا۔ ریما لاگو کاانتقال مئی 2017 میں دل کی دھڑکن بند ہوجانے سے ہوا۔

نیرج وہرا

نیرج وہرا 14دسمبرکو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے بیمارتھے۔ وہ اداکارہونے کے علاوہ رائٹر،پروڈیوسر اورڈائریکٹر بھی تھے۔ انہوں نے عامرخان کے ساتھ فلم ’من‘ میں بھی کام کیا تھا جبکہ سپر ہٹ فلم’ ہیراپھیری‘ کی ڈائریکشن بھی انہوں نے ہی دی تھی۔


رام مکھرجی
ممبئی کے مشہور’فلمالیا اسٹوڈیو‘ کے بانیوں میں شامل پروڈیوسر، ڈائریکٹر رام مکھرجی کا انتقال اکتوبر میں ہوا۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔ وہ رانی مکھرجی کے والد تھے۔

سنیل دت اورآشاپاریکھ کی فلم ’ہم ہندوستانی‘ اور دلیپ کمار اور وجنتی مالا کی ’ لیڈر‘ رام مکھرجی کی ڈائرکشن میں بننے والی یادگار فلموں میں سے ہیں۔ انہوں نے فلم’راجا کی آئے گی بارات‘ سے اپنی بیٹی رانی مکھرجی کو فلم نگری میں لانچ کیا۔

لیکھ ٹنڈن
ویٹرن فلم میکر لیکھ ٹنڈن 1929 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور اکتوبر2017 میں ممبئی میں چل بسے۔ لیکھ ٹنڈن نے شاہ رخ خان کو بطور اداکار اپنی صلاحیتیں دکھانے کو موقع دیا۔ ’پروفیسر ‘ اور ’اگر تم نہ ہوتے ‘ جیسی مشہور فلمیں بھی لیکھ ٹنڈن کی تخلیق تھیں۔

XS
SM
MD
LG