رسائی کے لنکس

چارلاکھ ڈالر کی مچھلی


بلو فِن ٹونا مچھلی
بلو فِن ٹونا مچھلی

دنیا بھر میں خوراک کی قیمتیں میں اضافہ ہورہاہے، خاص طورپر گوشت کی قیمتوں میں، مگر جاپان میں پانچ جنوری کو اس وقت ایک نیاعالمی ریکارڈ قائم ہوا جب ایک ٹونا مچھلی سوا تین کروڑ ین یعنی تقریباً چار لاکھ امریکی ڈالر میں نیلام ہوئی۔

مچھلی کا وزن 342 کلوگرام ہے اور اس لحاظ سے مچھلی کی قیمت 1170 ڈالر فی کلوہے یعنی 10 ہزار پاکستانی روپوں سے زیادہ۔

ٹونا نسل کی اس قسم کو بلیوفن ٹونا کہتے ہیں۔ یہ ایک کمیاب مچھلی ہے اور اس نسل کی 80 فی صد مچھلیاں جاپانی مارکیٹوں میں فروخت ہوتی ہیں۔

جاپان اس سے قبل 2001ء میں بھی سب سے بیش قیمت مچھلی کاریکارڈ قائم کرچکاہے۔ تاہم اس وقت نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی مچھلی سائز میں چھوٹی اور وزن میں کم تھی ۔ اس کا وزن 202 کلوگرام تھا اور وہ ڈھائی لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی تھی، یعنی 1238 ڈالر فی کلو۔ یہ ریکارڈ تاحال ٹوٹ نہیں سکا ہے۔

ٹونا مچھلی زیادہ تر ایک مشہور جاپانی ڈش ’سوشی‘ میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ جاپانی ڈش دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ڈش میں خاص سوپ کے اندر کچی مچھلی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کھانے کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔مگر اپنے پرکشش اور مخصوص ذائقے کی بنا پر اس جاپانی ڈش کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

بدھ کے روز نیلام ہونے والی ٹونا مچھلی ٹوکیو کے ایک ریستوان کیوبے نے خریدی ہے جو ’شوشی‘ کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔ ریستوران کی ایک اور شاخ ہانگ کانگ میں ہے ۔ خریدی جانے والی ٹونا دونوں ریستوانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

ہانگ کانگ ریستوران کے مالک رکی چنگ کا کہنا ہے کہ یہ سودا اس لحاظ سے مہنگا نہیں ہے کہ ہمارے گاہک ہم سے بہتر ین ٹونا کی توقع رکھتے ہیں۔

مچھلی دنیا بھر میں انسانی خوراک کا ایک اہم حصہ ہے ۔ سردیوں اور تہواروں کے موقع پر اس کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے۔ مچھلی مارکیٹ کے عہدے داروں کا کہناہے کہ حالیہ دنوں میں کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کی وجہ سے مچھلی کی مانگ اور اس کی قیمتیں بڑھی ہیں ، تاہم چارلاکھ ڈالر میں صرف ایک مچھلی کی فروخت نہ صرف ایک نیا ریکارڈ ہے بلکہ حیرت کا باعث بھی ہے۔

ٹونا کی انتہائی بلند قیمت پر نیلامی پر سمندری حیات کے تحفظ کے کارکنوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اس سے بلیوفن ٹونا میں لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ اور اس کی مانگ بڑھے گی اور اس نسل کے ختم ہونے کے خطرے میں مزید اضافہ ہوگا۔گذشتہ سال نومبر میں ٹونا کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کمشن اسے پکڑنے کا کوٹہ کم کرچکا ہے۔

مارکیٹ عہدےداروں کا کہناہے کہ ایشیائی ملکوں بالخصوص چین میں لوگوں کی آمدنیوں میں اضافے کے باعث مچھلی کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے اور جاپان میں بھی اس کی مانگ میں اضافہ ہورہاہے جہاں پہلے ہی چھ لاکھ ٹن ٹونا سالانہ استعمال کی جارہی ہے۔

جاپان میں مچھلی کی غیر معمولی قیمت پر نیلامی سے شاید پاکستانیوں کو زیادہ حیرت نہ ہو کیونکہ وہاں عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے جانوروں کی ناقابل یقین قیمتوں پر فروخت کے واقعات عام ہیں۔

XS
SM
MD
LG