رسائی کے لنکس

امریکہ: 'بلیک فرائی ڈے' کے موقع پہ پُرتشدد واقعات


خریداری
خریداری

امریکی شہر لاس اینجلس کے حکام کے مطابق 'وال مارٹ' کے ایک بڑے اسٹور کے باہر لگی خریداروں کی قطار میں ایک خاتون نے سبقت لے جانے کے چکر میں کئی دوسرے افراد پر مرچوں کا اسپرے کردیا جس سے 20 سے زائد صارفین کی حالت غیر ہوگئی

امریکہ میں خریداری کے سالانہ موسم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اورآج اس موسم کے پہلےروز، جسے'بلیک فرائیڈے' کہا جاتا ہے، شاپنگ مالز اور اسٹورز کے باہر صارفین کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔

امریکہ میں گزشتہ روز 'تھینکس گیوونگ' کا تہوار منایا گیا تھا جس کا اگلا روزامریکہ میں 'بلیک فرائی ڈے' کہلاتا ہےجسے آپ لوٹ سیل کا قومی دن بھی کہہ سکتے ہیں۔

'بلیک فرائی ڈے' کو باضابطہ طورپر کرسمس کی خریداری کا نقطہ آغاز کہا جاتا ہےکیونکہ اس دن کی لوٹ سیل کے بعد کرسمس کی روایتی سیل شروع ہوجاتی ہے جو کرسمس ختم ہونے کے بعد بھی نئے سال کے آغاز تک جاری رہتی ہے۔

'بلیک فرائی ڈے' کے موقع پر کئی اسٹورز مہنگے داموں بکنے والی اشیا جیسے الیکٹرانک مصنوعات اور نئے جدید کھلونے وغیرہ انتہائی کم قیمت پر فروخت کے لیے پیش کرتے ہیں جس کے باعث صارفین میں خوب جوش و خروش اور گہماگہمی دیکھنے میں آتی ہے ۔

'بلیک فرائی ڈے' کے موقع پر اکثر اسٹور معمول سے کہیں پہلے منہ اندھیرے صبح چار پانچ بجے ہی کھل جاتے ہیں جب کہ اپنی من پسند اشیا کم قیمت پہ خریدنے کے لیے کئی جگہوں پہ صارفین ایک رات پہلے سے ہی اسٹور کے باہر قطاریں لگا لیتے ہیں۔

'بلیک فرائی ڈے' کے آغاز کے وقت جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کئی جگہوں پر صارفین کے اس جوش و خروش کے باعث عجیب و غریب صورتِ حال بھی پیش آئی۔

امریکی شہر لاس اینجلس کے حکام کے مطابق 'وال مارٹ' کے ایک بڑے اسٹور کے باہر لگی خریداروں کی قطار میں ایک خاتون نے سبقت لے جانے کے چکر میں کئی دوسرے افراد پر مرچوں کا اسپرے کردیا جس سے 20 سے زائد صارفین کی حالت غیر ہوگئی۔

'بلیک فرائی ڈے' کےموقع پر امریکہ کے کئی شہروں میں 'وال مارٹ' اور دیگرشاپنگ اسٹوروں پہ فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے کم از کم دو واقعات کا تعلق مبینہ ڈکیتیوں سے جوڑا جارہا ہے۔

تاہم، خریداری کےاس تہوار سےامریکہ میں ہر کوئی خوش نہیں ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جاری 'وال اسٹریٹ پر قبضہ کرلو' نامی تحریک سے وابستہ مظاہرین نے امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ 'بلیک فرائی ڈے' کو 'بائی نتھنگ' یعنی 'خریداری سے پرہیز کا دن' کے طور پر منائیں تاکہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جاسکے۔

XS
SM
MD
LG