رسائی کے لنکس

فواد چوہدری اور سشما سوراج کے درمیان ٹویٹر پر نوک جھونک


پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج۔ فائل فوٹو
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج۔ فائل فوٹو

سندھ کے شہر گھوٹکی سے مبینہ طور پر دو کم سن ہندو لڑکیوں کے اغوا اورجبری طور پر اُن کا مذہب تبدیل کرنے کے واقعے کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے درمیان ٹویٹر کے ذریعے پیغامات کا سلسلہ چل نکلا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پہل کرتے ہوئے ٹویٹ کی، ’’میں نے پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے بارے میں تفصیلی رپورٹ بھیجیں۔

اس کے جواب میں پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئےکہا،

’’مادام وزیر صاحبہ، مجھے خوشی ہے کہ بھارتی انتظامیہ میں ایسے لوگ موجود ہیں جو بیرونی ممالک میں اقلیتوں کے بارے میں فکر کرتے ہیں۔ میں پورے خلوص کے ساتھ یہ اُمید رکھتا ہوں کہ آپ کا ضمیر آپ کو اجازت دے گا کہ آپ اپنے ملک کے اندر بھی اقلیتوں کا ساتھ دے سکیں۔ آپ گجرات اور جموں کی صورت حال پر یقیناً دباؤ محسوس کرتی ہوں گی۔‘‘

فواد چوہدی کی اس ٹویٹ پر سشما سوراج نے سخت رد عمل دیتے ہوئے ٹویٹ کیا،

’’وزیر صاحب، میں نے صرف اسلام آباد میں اپنے ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ وہ دو کم سن ہندو لڑکیوں کے اغوا اور اُنہیں زبردستی اپنا مذہب تبدیل کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے پر مجبور کئے جانے کے بارے میں رپورٹ بھیجیں۔ بس اتنی بات سے آپ تلملا اُٹھے۔ یہ آپ کے ضمیر کی چبھن کو ہی ظاہر کرتا ہے۔‘‘

اطلاعات کے مطابق دونوں ہندو لڑکیوں کے والد اور بھائی کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کو گھوٹکی سے زبردستی اغوا کیا گیا اور اُنہیں اپنا ہندو مذہب ترک کر کے اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد فوراً اُن کی شادی بھی کر دی گئی۔

تاہم سوشل میڈیا پر دکھائی گئی ایک ویڈیو میں دونوں بہنوں نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنی مرضی سے اپنا مذہب تبدیل کیا ہے اور اُنہیں اس کیلئے کسی نے مجبور نہیں کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دونوں کم سن لڑکیوں کے مبینہ اغوا اور تبدیلی مذہب کے بارے میں فوری طور پر تحقیقات کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان لڑکیوں کو گھوٹکی سے رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا تھا۔ عمران خان نے ان لڑکیوں کی فوری بازیابی کا بھی حکم دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG