پاکستانی فلم ’بن روئے‘ نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ انٹرنیشنل باکس آفس پر بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس فلم نے بھارت میں 81 اسکرینز پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔
ہم ٹی وی کے پبلک ریلیشنز ایگزیکٹو منہاس صغیر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’بن روئے‘ پاکستان کی پہلی فلم ہے جو بھارت کے 81 سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی۔‘
’بن روئے‘ کو باکس آفس پر سامنا تھا سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کا۔۔ اس کے باوجود ’بن روئے‘ پاکستان میں اور پاکستان سے باہر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور فلم کے تمام شوز ہاوٴس فل رہے۔
مومنہ درید ’بن روئے‘ کی پروڈیوسر بھی ہیں اور شہزاد کشمیری کے ساتھ انہوں نے فلم کو ڈائریکٹ بھی کیا ہے۔ مائرہ خان اور ہمایوں سعید اسٹار ’بن روئے‘ کی کہانی ایک لڑکی صبا کے گرد گھومتی ہے جواپنے خوابوں کے شہزادے ارتضا سے بہت محبت کرتی ہے۔
ارتضا ملک سے باہر جاتا ہے اور ایک دوسری لڑکی سمن کی محبت میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ کہانی میں ڈرامائی موڑ اس وقت آتاہے جب سمن صبا کے گھررہنے آتی ہے اور دونوں میں گہری دوستی ہوجاتی ہے۔ پھرجلد ہی وہ دن بھی آجاتا ہے جب ارتضا صبا کے سامنے سمن سے محبت کا اعتراف کرتا ہے۔
اس ٹرائی اینگل کہانی کا انجام جذبات سے بھرپور اور دل کو چھولینے والا ہے۔ شاید یہ شائقین میں غیرمعمولی پذیرائی کا سبب بھی بنے۔
فلم ’بن روئے‘ آسٹریلیا میں 14 اور کویت میں 21اگست کو ریلیز ہو گی۔