رسائی کے لنکس

معدومی کے خطرے سے دوچار جانور بلبی کی تعداد بڑھنے لگی


معدومی کے خطرے سے دوچار جانور بلبی کو ایک صدی بعد گزشتہ سال ایک نیشنل پارک میں چھوڑا گیا تھا۔ سائنس دانوں نے خوش خبری سنائی ہے کہ آزاد ماحول میں ان کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔

آسٹریلیا میں پائے جانے والے اس جانور کی نسل کو گزشتہ 200 سال کے دوران لومڑوں اور جنگلی بلیوں نے شدید نقصان پہنچایا تھا اور دنیا بھر میں اس کی تعداد چند ہزار باقی بچی تھی۔

بلبی خرگوش جیسے کانوں اور چوہے جیسی صورت والا ممالیہ جانور ہے۔ یہ اوسطاً 22 انچ تک لمبا ہوتا ہے جبکہ اس کی دم مزید 11 انچ کی ہوتی ہے۔ اس کی ایک چھوٹی نسل 1950 کی دہائی میں معدوم ہوگئی تھی جبکہ موجودہ نسل بھی ایک عرصے سے خطرے میں ہے۔

آزاد فضا میں بلبی کی عمر چھ سات سال اور پابند مقام پر 11 سال تک ہو سکتی ہے۔ اس کی نظر کمزور لیکن سماعت اور سونگھنے کی حس بہت تیز ہوتی ہے۔ اس کی خوراک میں ٹڈیاں، مکڑیاں، دیمک، دوسرے کیڑے اور انڈے شامل ہوتے ہیں۔

بلبی سال میں چار بار افزائش نسل کرتے ہیں اور اس کی مادہ 2 ہفتے حاملہ رہتی ہے۔ اکثر جڑواں بچے ہوتے ہیں۔ مالی کلفس نیشنل پارک کے جس حصے میں انھیں چھوڑا گیا ہے، وہاں چاروں طرف باڑھ لگائی گئی تاکہ لومڑیاں اور جنگلی بلیاں ان کا شکار نہ کرسکیں۔

بلبی آسٹریلیا کے دوسرے مقامات کے علاوہ ٹرونگا زو میں بھی موجود ہیں جہاں انھیں 270 ایکڑ کے قدرتی ماحول میں رکھا جارہا ہے۔ اپریل میں اس کی انتظامیہ نے خبر دی تھی کہ چھ ماہ کے دوران بلبی کے 19 بچے پیدا ہوئے جن میں سے متعدد جوان ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG