رسائی کے لنکس

غزہ جنگ کے خلاف احتجاجی آوازیں سنی ہیں، جنگی مناظر دل دہلا دینے والے ہیں: بائیڈن


  • غزہ جنگ کے خلاف پرامن اور عدم تشدد کے مظاہرے کی حمایت کرتے ہیں: صدر بائیڈن کا جارجیا کے مور ہاؤس کالج میں خطاب
  • آپ کی آوازیں سنی جاتی ہیں، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں انہیں سنوں گا: صدر بائیڈن
  • غزہ میں انسانی بحران ہے، اسی لیے لڑائی کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہوں: صدر بائیڈن کا خطاب
  • مور ہاؤس کالج کی گریجویشن تقریب سے بائیڈن کے خطاب پر بعض اساتذہ اور طلبہ کی تنقید

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل اور حماس کی جنگ کے خلاف احتجاج کی آوازیں سنی ہیں۔ غزہ میں تنازع کے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔

اتوار کو اٹلانٹا میں مور ہاؤس کالج کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ وہ غزہ جنگ کے خلاف پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔

صدر کا کہنا تھا کہ "آپ کی آوازیں سنی جانی چاہئیں اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں انہیں سنوں گا۔"

صدر بائیڈن کے بقول غزہ میں ایک انسانی بحران ہے، اسی لیے میں نے لڑائی کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد کو واپس لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر بائیڈن کا یہ خطاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں میں غزہ جنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ اس دوران پولیس نے کئی طلبہ کو گرفتار بھی کیا تھا۔

خطاب میں بائیڈن نے امریکی جمہوریت اور اس کے تحفظ کے لیے اپنے کردار پر بھی بات کی۔

اس سے قبل مور ہاؤس کالج کے تقریب سے صدر بائیڈن کے خطاب کے اعلان پر ان اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے تنقید دیکھنے میں آئی جو بائیڈن کے غزہ جنگ سے نمٹنے کے طریقے کے مخالف ہیں۔

کچھ سابق طلبہ نے کالج کے صدر ڈیوڈ تھامس پر صدر بائیڈن کے لیے دعوت نامے کو واپس لینے کے لیے اور منتظمین کے فیصلے کی مذمت کے لے ایک خط آن لائن پوسٹ کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی حمایت اس امن پسندی کے خلاف ہے جس کا اظہار مور ہاؤس کالج کے سب سے مشہور گریجویٹ اور سیاہ فام افراد کے حقوق کے علمبردار مارٹن لوتھر کنگ جونیئر نے کیا تھا۔

حماس کے پچھلے سال جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حماس کے جنگجوؤں نے 240 کے قریب افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کا غزہ سے خاتمہ کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

حماس کے زیرِ انتظام محکمہ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جوابی جارحیت سے غزہ میں 35 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس خبر میں شامل زیادہ تر معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG