رسائی کے لنکس

بی بی سی کے چیئرمین مستعفی ہو گئے، شفافیت کے ضابطوں کی خلاف ورزی کا الزام



لندن میں بی بی سی کے چئیرمین رچرڈ شارپ ہیڈ کوارٹرز میں اپنے استعفے کا اعلان کر رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز، 28 اپریل 2023
لندن میں بی بی سی کے چئیرمین رچرڈ شارپ ہیڈ کوارٹرز میں اپنے استعفے کا اعلان کر رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز، 28 اپریل 2023

بی بی سی کے چئیرمین رچرڈ شارپ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ایک آزاد رپورٹ سے ظاہر ہوا تھا کہ انہوں نے برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے دور میں ملازمت حاصل کر نے کے سلسلے ،میں شفافیت کے دو ضابطوں کی خلاف ورزی کی اور اپنے "کانفلکٹ آف انٹرسٹ"یا اپنے ممکنہ مفاد کو ظاہر نہیں کیا تھا۔

ایک تو یہ کہ انہوں نے اپنے عہدے کے لیے درخواست دینے سے پہلے بورس جانسن کو آگاہ کر دیا کہ وہ ایسا کرنے جا رہے ہیں جب کہ اس ملازمت کا حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم جانسن کو ہی کرنا تھا۔

دوسرے انہوں نے جانسن اور برطانیہ کے سینئر ترین سول سرونٹ اور لکھ پتی کے درمیان میٹنگ کا اہتمام کیا جو مالی معاملات میں وزیرِ اعظم کی مدد کرنے کا خواہش مند تھا۔ اس بارے میں شارپ کا کہنا ہے کہ ایسا حادثاتی طور پر ہوا اور یہ کہ اس میں ان کا کوئی مفاد نہیں تھا۔

شارپ کا کہنا ہے کہ وہ "بی بی سی" کے مفاد میں استعفیٰ دے رہے ہیں۔

بی بی سی لندن ہیڈ کوارٹرز۔ فوٹو رائٹرز
بی بی سی لندن ہیڈ کوارٹرز۔ فوٹو رائٹرز

ان کا استعفیٰ ایسے وقت آیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں سپورٹس کے معروف میزبان، گیری لائنکرکے ساتھ غیر جانبداری کا ایک تنازعہ شہ سرخیوں کا موضوع بنا ہوا ہے اور سیاسی سطح پر بی بی سی کی اس بارے میں چھان بین ہو رہی ہے۔

شارپ نے کہا ہے کہ وہ جون کے آخر تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے تاکہ حکومت ان کا کوئی متبادل تلاش کر لے۔

رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ جانسن کے ڈاؤننگ سٹریٹ دفتر سے شارپ کو اس عہدے کے لیے" سب سے مضبوط "امید وار بتایا گیا جس کے لیے 23 لوگوں نے درخواستیں دی تھیں۔

شارپ کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کے مالی معاملات میں ملوث نہیں تھے اور یہ کہ انہوں نے 2020 کے اواخر میں صرف کینیڈا کی معروف کاروباری شخصیت، سام بلائتھ سے وزیرِ اعظم کا تعارف کروایا تھا۔

گیری لائنکر، انگلینڈ کے سابق فٹ بالر اور موجودہ سپورٹس ٹی وی میزبان۔ فوٹو اے ایف پی، 13 مارچ، 2023
گیری لائنکر، انگلینڈ کے سابق فٹ بالر اور موجودہ سپورٹس ٹی وی میزبان۔ فوٹو اے ایف پی، 13 مارچ، 2023

اینڈریو ہیپنسٹال کا جنہوں نے یہ انکوائری کروائی، کہنا ہے کہ انہیں یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس وقت کے وزیرِ اعظم بورس جانسن کے ذاتی مالی امور میں شارپ کا کوئی اور عمل دخل نہیں تھا سوائے اس کے کہ انہوں نے کسی سے ان کا تعارف کروانے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ رپورٹ کے مطابق رچرڈ شارپ نے مبینہ طور پربورس جانسن کو دس لاکھ ڈالر کا قرضہ حاصل کرنے میں مدد دی تھی۔

(اس رپورٹ کی کچھ تفصیلات رائٹرز سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG