رسائی کے لنکس

'نوجوان ریاست دشمن عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں'


جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ ’’ریاست دشمن عناصر غیر ملکی دشمن ایجنسیوں کے زیر اثر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ لیکن، نوجوان ان عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور منفی تاثر کو ختم کریں‘‘

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے، اس صوبے میں امن و استحکام اور ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

جنرل باجوہ بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے 173، اساتذہ اور طلبا سے بات چیت کر رہے تھے، جنہوں نے اُن سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔

فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اور بلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ باصلاحیت، متحرک اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں نوجوان قومی سالمیت اور ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

جنرل باجوہ نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر غیر ملکی دشمن ایجنسیوں کے زیر اثر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ لیکن، نوجوان ان عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور منفی تاثر کو ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج محفوظ اور مستحکم پاکستان دینے کے لیے پرعزم اور تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

فوج کے سربراہ نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں کامیاب ہوئی اور کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

XS
SM
MD
LG