رسائی کے لنکس

بہادر آباد، خوب صورت چورنگی سے ٹارگٹ کلنگ کی بدصورتی تک


حالیہ مہینوں میں بہادرآباد کی چار مینار چورنگی اور اس کی اطرافی سڑکوں پر ٹارگٹ کلنگ کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 9ستمبر کو بھی ایسا ہی ایک واقعہ ہوا جس میں بہادرآباد چورنگی کے قریب جیو ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک سیٹیلائٹ انجنیئر ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا

کچھ ہی ہفتوں پہلے برطانیہ کے معروف اخبار ’ٹیلی گراف‘ نے کراچی میں واقع بہادر آباد کی چار مینار چورنگی کو دنیا کی پانچویں خوبصورت ترین چورنگی قرار دیا تھا۔ لیکن، صرف ڈیڑھ ماہ بعد اس چورنگی کے اطراف میں ہونے والے پے در پے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے اسے’ بدنما‘ بنادیا ہے۔

جمعرات کو بھی یہاں ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ علاقہ پولیس کے مطابق ان میں سے ایک شخص کا نام عبدالغفار تھا جو ہیڈ کانسٹیبل ہے جبکہ دوسرا کانسٹیبل پرویز تھا۔ یہ دونوں نیو ٹاوٴن تھانے میں تعینات تھے۔

پولیس کے مطابق، ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے آناً فاناً فائرنگ کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دونوں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، لیکن دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

حالیہ مہینوں میں بہادرآباد کی چار مینار چورنگی اور اس کی اطرافی سڑکوں پر ٹارگٹ کلنگ کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 9ستمبر کو بھی ایسا ہی ایک واقعہ ہوا جس میں بہادرآباد چورنگی کے قریب جیو ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک اسیٹیلائٹ انجنیئر ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

رشید گوڈیل پر حملہ
منگل 19ستمبر کو بہادرآباد چورنگی کے قریب ہی ایک اور بڑا واقعہ پیش آیا جب ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر نامعلوم افراد نے فانرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں کئی ہفتوں تک اسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔

اس سے قبل سنہ 2012 میں اسی بہادر آباد چورنگی پر نامور مذہبی رہنما اسلم شیخوپوری کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔

پولیس بھی ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر
کراچی میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا بھی یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے بھی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ ان واقعات کے نتیجے میں اب تک آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG