رسائی کے لنکس

پاکستان کو ون ڈے میں نمبر ون ٹیم بنانے والے بابر اعظم کا دورِ کپتانی کیسا رہا؟


کرکٹ ورلڈ کپ سے پاکستان کے باہر ہو جانے کے بعد پاکستان کرکٹ میں جیسے بھونچال آگیا۔ پہلے بالنگ کوچ مورنے مورکل نے استعفیٰ دیا اور اب کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

بابر اعظم نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بیان میں قیادت سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

اس بیان میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن پر پہنچانا ان کےلیے بطور کپتان کریئرکا سب سے بڑا کارنامہ تھا۔

بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ میں قیادت سے دستبرادی کو ایک مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور کھلاڑی وہ آنے والے کپتان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کپتان جیسی ذمہ داری سونپنے پر کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ان مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے چار برسوں تک ان کی حمایت کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی جگہ شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

بابر اعظم کا دور بطور کپتان کامیابیوں اور ناکامیوں دونوں سے بھرا ہوا ہے۔ ان کے بطورِ کپتان کریئر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

بابر اعظم 100 سے میچز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے کپتان

بابر اعظم کا شمار پاکستان کے ان کپتانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی کامیابیاں سمیٹیں۔ ایک سو سے زائد انٹرنیشنل میچز میں قیادت کرنے والے وہ پانچ پاکستانی کپتانوں میں سے ایک ہیں۔

تاہم بھارت کو ورلڈ کپ میں شکست دینے والے واحد پاکستانی کپتان ہیں۔

یہ کارنامہ انہوں نے سن 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس وقت انجام دیا جب پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر 151 رنز کا ٹارگٹ بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کرلیا تھا۔

بابر اعظم کے دور میں پاکستان نے ون ڈے انٹرنینشل کی رینکنگ میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ اپنے دور کپتانی میں بابر اعظم بدستور تینوں فارمیٹ میں ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل رہے۔

بابر اعظم بطورِ وائٹ بال کپتان

سال 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بابر اعظم کو سرفراز احمد کی سبکدوشی کے بعد ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

انہوں نے نومبر 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے اپنے کپتانی کے کریئر کا آغاز کیا اور چار سال میں 43 ون ڈے اور 71 ٹی ٹوئنٹی انٹرنینشل میں ٹیم کی قیادت کی جس میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ بھی شامل تھے۔

ان 43 ون ڈے میچز میں سے بابر اعظم نے 26 جیتے اور 15 میں شکست ہوئی جب کہ 71 میں سے 42 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ان کی قیادت میں پاکستان نے جیتے۔23 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سن 2021 میں بابر اعظم کی قیادت میں ہی پاکستان نے جنوبی افریقہ میں میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی تھی جب کہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جگہ بنائی تھی۔

ایک سال بعد پاکستان نے بابر اعظم کی کپتانی میں پہلے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالی فائی کیا تھا۔ انہی کی کپتانی میں پاکستان نے سال 2022 کےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا لیکن دونوں میچز میں گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی

انہیں 2020 میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن وہ ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہ کرسکے تھے۔

ان کی بطور قائد پہلی ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز تھی جس میں پاکستان نے فتح سمیٹی تھی۔دو میچز کی اس سیریز کے بعد انہوں نے 20 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جس میں سے پاکستان نے دس جیتے اور چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے یہ میچز جنوبی افریقہ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، آسٹریلیا ، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم اینڈ اوے سیریز میں کھیلے۔

بابر اعظم کے دور کپتانی میں پاکستان نے جہاں کامیابیاں سمیٹیں وہیں ان کے قیادت کے اسٹائل پر کافی تنقید بھی ہوئی۔انہی کے دور میں پاکستان نے کئی اہم میچز جیتی ہوئی پوزیشن سے ہارے ۔

ان میچز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت کے خلاف گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کے بعد ان کی قیادت پر شدید تنقید ہوئی تھی۔

رواں سال ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے دوران ان کی ٹیم سلیکشن پر مبصرین نے انگلیاں اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ میرٹ پر ٹیم کا انتخاب کرنے کے بجائے ان کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہیں جو ان سے قریب ہوتے ہیں۔

البتہ بابر اعظم نے ورلڈ کپ کے دوران ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر مشورے دینا آسان ہوتا ہے۔

ورلڈ کپ کے دوران ان کا آؤٹ آف فارم امام الحق ، شاداب خان اور حارث رؤف پر انحصار کرنا پاکستانی ٹیم کو مہنگا پڑا جس کے بعد گرین شرٹس کا ورلڈ کپ کا سفر سیمی فائنل سے پہلے ہی ختم ہو گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے کپتانوں کے اعلان کے ساتھ ہی سابق کپتان محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران خدمات انجام دینے والے کوچنگ اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔دورہ آسٹریلیا کے لیے کوچنگ اسٹاف کے اعلان تک وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG