رسائی کے لنکس

بھارت: ریاست کیرالہ میں بارشوں اور تودے گرنے سے 19 افراد ہلاک، متعدد لاپتا


متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں جمعے سے جاری طوفانی بارشوں اور تودے گرنے کے باعث کم از کم 19 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتا ہو گئے ہیں۔

ریاستی حکام کے مطابق 12 افراد کوٹایم، تین اِڈوکی اور باقی دوسرے مقامات پر ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق لارڈ ایپا کے عقیدت مندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اتوار اور پیر کو سبری مالا مندر میں درشن کرنے کے لیے جانے سے گریز کریں۔

ریاست کے تمام کالج 19 اکتوبر تک بند کر دیے گئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ بہت سے لوگوں کو زبردست مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح سے ہی ضلع کوٹایم میں فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسکیو فورس (این ڈی آر ایف)، پولیس اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ضلع کوٹایم میں کم از کم ایک درجن افراد لاپتا ہیں۔ بہت سے مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ ملبوں کے نیچے لاپتا افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اتوار کو کوٹاکِل میں پانچ لاشیں برآمد کی گئیں۔ تاہم ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

وزرات دفاع کے پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) کے مطابق بحریہ کے ہیلی کاپٹر ریاست کے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیا پہنچانے میں مصروفِ عمل ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ حکومت کیرالہ کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور این ڈی آر ایف کی ٹیم متاثرہ علاقے میں روانہ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہم کیرالہ کی صورتِ حال پر جہاں مسلسل بارشوں اور تودوں کے گرنے سے تباہی پھیلی ہوئی ہے مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت ضرورت مند عوام کو ہر قسم کی امداد فراہم کرے گی۔ ہم ہر شخص کی سلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنیاری وجین نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ تباہ شدہ اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ کھول دیے گئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ کووڈ۔19 پروٹوکول کے تحت کارروائی کو یقینی بنائیں۔

ان کے مطابق کیمپوں میں ماسک، سینیٹائزر، پینے کے پانی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وایناڈ سے کانگرس کے رکنِ پارلیمنٹ راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں عوام کی سلامتی کی دعا کی ہے۔

سینٹرل واٹر کمیشن کے مطابق کوٹایم اور ترواننت پورم اضلاع سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جلد ہی بارشوں کی شدت میں کمی آئے گی۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG