رسائی کے لنکس

مصنوعی کرسمس ٹری کی مانگ میں اضافہ


مصنوعی کرسمس ٹری کی مانگ میں اضافہ
مصنوعی کرسمس ٹری کی مانگ میں اضافہ

پوری دنیا کی طرح امریکہ میں بھی کرسمس کے موقع پر لوگ اپنے گھروں کو کرسمس ٹری سےسجاتے ہیں۔ کرسمس کے دنوں میں امریکہ میں ان درختوں کی مانگ اتنی بڑھ جاتی ہے کہ یہاں اس شعبے سے منسلک کاروبار پچاس کروڑ ڈالر تک پہنچ جاتا ہے۔

واشنگٹن سے ایک گھنٹے کی مسافت پر موجود سنکر گیپ ٹری فارم ہے۔ جہاں بڑی تعداد میں ایسے افراد جاتے ہیں،جو بازار سے کرسمس ٹری خریدنے کی بجائے ، فارم میں جاکر اپنی پسند کا درخت خود اپنے ہاتھوں سے کاٹ کر اسے اپنے گھر میں سجانے کی پرانی روایت پر عمل کرتے ہیں۔

کرسمس کے دنوں میں تیار حالت میں مختلف سائز کے کرسمس ٹری نہ صرف دکانوں پر بکثرت مل جاتے ہیں بلکہ سڑکوں کے کنارے بھی ان کے بڑے بڑے اسٹال لگ جاتے ہیں۔گذشتہ چند برسوں سے پلاسٹک کے مصنوعی درختوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہورہاہے اور پچھلے سال ان کی فروخت ایک کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی تھی جو 2003ء کے مقابلے میں ایک کروڑ زیادہ تھی۔ اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ انہیں دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے اور ان کی دیکھ بھال آسان ہوتی ہے۔

لیکن فارم کے مالک سٹیون ولف کا کہنا ہے کہ مصنوعی درخت ان کے کاروبار کو متاثر نہیں کرسکتے کیونکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد روایتی طورپر قدرتی درختوں کو ہی ترجیح دیتی ہے۔

فارم پر جاکر اپنی پسند کا درخت چننے، اسے کاٹنے اور پھر قیمت چکانے میں دو ڈھائی گھنٹے تک صرف ہوجاتے ہیں۔ فارموں پر جانے والے اکثر افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ آتے ہیں اور یہ ان کے لیے ایک طرح کا تفریحی دورہ بھی ہوتا ہے اور وہ اپنے بچوں کو یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ قدرتی ماحول میں درخت اور دوسری نباتات کس طرح پروان چڑھتی ہے۔

فارم پر درخت عموماً ایک سو ڈالر تک میں مل جاتا ہے جب کہ مارکیٹ میں اس کی قیمت دو سو ڈالر سے کسی صورت کم نہیں ہوتی ۔

XS
SM
MD
LG