رسائی کے لنکس

فلوریڈا میں 'اپنا' کا سالانہ کنونشن گہما گہمی کے ساتھ جاری


تقریب میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی شریک ہوئے
تقریب میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی شریک ہوئے

ڈاکٹر مبشر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ "اپنا" نے کانگریس میں ایک قانون متعارف کروانے میں مدد کی ہے جس کے تحت ویزہ کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم "اپنا" کا اڑتیسواں سالانہ کنونشن فلوریڈا میں اپنی تمام تر گہما گہمی کے ساتھ جاری ہے جس میں خاص طور پر پاکستان سے آئے ہوئے فنکار کنونشن کے شرکا اور مہمانوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

برصغیر کے نابغہ روزگار گائیک گھرانے "پٹیالہ" کی نویں نسل کے ولی حامد علی خان، انعام علی خان اور نایام علی خان کے گروپ "راگا بوائز" نے یہاں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے خوب داد سمیٹی۔

راگا بوائز تواتر سے "اپنا" کے سالانہ کنونشنز میں اپنی گائیکی کے جوہر دکھاتے آ رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ "ہمارے خیال میں ایسی کوئی اور تنظیم نہیں جو اتنے اچھے جذبے کے ساتھ ایسی کاوشوں میں مصروف ہے، آپ کو پورے امریکہ میں کہیں بھی ایسے شائقین نہیں ملتے جو اپنا کے کنونشنز میں ہوتے ہیں۔"

ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشن ان نارتھ امریکہ یعنی "اپنا" کا قیام 38 سال قبل عمل میں آیا تھا۔ اس کے موجودہ صدر ڈاکٹر مبشر رانا کہتے ہیں کہ ریاست مشی گن کے علاقے ڈیئربورن میں صرف 12 لوگوں نے اس تنطیم کی بنیاد رکھی اور اس کا مقصد امریکہ میں موجود پاکستانی ڈاکٹروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں اس تنظیم کے رکن معالجین رضا کارانہ طور پر پاکستان میں لوگوں کی خدمت کے لیے اپنا وقت دیتے آ رہے ہیں وہین ان تمام برسوں میں "اپنا" نے چار کروڑ ڈالر سے رقم پاکستان میں خیراتی مقاصد کے لیے صرف کیے ہیں۔

تنظیم کے دیگر مختلف منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر مبشر نے بتایا کہ پاکستان میں مقامی اسپتالوں کے ساتھ اشتراک کے ساتھ "پاکستان میں مریضوں اور معالجین کے لیے امریکہ میں ہی بیٹھ کر اس تنظیم کے رکن ڈاکٹر انھیں طبی مشورے اور دیے جا رہے ہیں۔

"ایک منصوبہ ایسا ہے جس میں ڈاکٹروں کو کسی بھی آفت کی صورت میں اپنی خدمات دینے کے لیے متعین کرنا ہے جب کہ ایک اور (منصوبے) کے تحت ایسے نوجوان ڈاکٹروں کو امریکہ آکر اپنی تعلیم (ریذیڈنسی) مکمل کرنے میں مدد دینا ہے، (جو اس کی خواہش رکھتے ہوں)۔"

ڈاکٹر مبشر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ "اپنا" نے کانگریس میں ایک قانون متعارف کروانے میں مدد کی ہے جس کے تحت پاکستانی ڈاکٹروں ویزہ کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

"مثال کے طور پر اس سال 180 نوجوان ڈاکٹروں نے (اپنا) سے رابطہ کیا تھا اور یہ تمام اپنی تعلیم کے لیے بروقت امریکہ پہنچنے کے قابل ہو سکے۔"

اس تنظیم میں نوجوان ڈاکٹروں پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر مبشر تنظیم کی عہدہ صدارت سے دسمبر میں سبکدوش ہو رہے ہیں اور اس کے بعد اس منصب کے ایک اور امیدوار ڈاکٹر طارق شہاب ہیں، جن کا کہنا ہے کہ مزید آگے بڑھ کر سوچنے اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔

"اپنا" کی خواتین ڈاکٹروں کے شعبے کی رکن ڈاکٹر مریم حسین کا بھی خیال یہی ہے کہ تنظیم میں نوجوانوں کی شمولیت بہت اہم ہے۔

"اپنا کو مستقبل میں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو اتنے ہی پرعزم ہوں جتنی کہ اس کی موجودہ قیادت ہے، لیکن وہ پاکستانی اور امریکی معاملات کو زیادہ ذہانت کے ساتھ ترویج دینے کے لیے اتنے ہی تعلیم یافتہ اور رضامند بھی ہوں۔"

ڈاکٹر مریم کھیل اور ثقافتی شعبے میں بھی خاصی سرگرم ہیں اور ہر سال اس سلسلے میں پروگرامز کا اہتمام کر کے وہ امریکہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان کی تاریخ اور ثقافت سے روشناس کروانے میں اپنا کردار ادا کرتی چلی آرہی ہیں۔

اپنا کے کنونشن میں پاکستان کے یوم آزادی (14 اگست) کے موقع پر پرچم کشائی بھی کی گئی اور پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے سفارتخانے کے علاوہ یہاں ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

فلوریڈا سے کانگریس کے رکن ایلن گریسن نے اس موقع پر اپنے خطاب میں دونوں ملکوں کے لیے نیک تمناؤں کے جذبات کا اظہار کیا۔

تقاریر کے بعد پاکستان کے معروف نغموں پر امریکہ میں مقیم لوگوں کے مختلف گروپس نے رقص بھی پیش کیا جس سے کنونشن کی رونقوں کو چار چار لگ گئے۔

XS
SM
MD
LG