رسائی کے لنکس

امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک، عمران خان کی ڈی پی لگ گئی


لیجنڈ بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا ہے اور اس پر عمران خان کی ڈسپلے پکچر لگ گئی ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیر کے روز پاکستان میں امیتابھ بچن کا نام اس وقت ٹرینڈ کرنے لگ گیا جب کسی نامعلوم شخص نے امیتابھ بچن کا ٹوئٹر ہینڈل ہیک کر لیا اور اس پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تصویر ڈسپلے پکچر کے طور پر لگا دی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ ہیکنگ ‘‘پاکستان نواز’’ ترک ہیکنگ گروپ ایلزڈز ٹم نے کی اور اس نے بھارت مخالف ٹوئٹس بھی اس اکاؤنٹ سے بھیجیں۔

امیتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو تقریباً تین کروڑ 74 لاکھ افراد فالو کرتے ہیں اور یہ بھارت کے چند سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے اکاؤنٹس میں سے ایک ہے۔

اس اکاؤنٹ پر امیتابھ بچن خود بھی ٹوئٹس کے ذریعے پیغامات شیئر کرتے ہیں۔

اینکر منصور علی خان نے ٹوئٹ کی کہ لگتا ہے کہ امیتابھ بچن کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔

نتاشا کندی نے ٹوئٹ کیا کہ اس پر ترکی کا جھنڈا اور عمران خان کی تصویر لگی ہوئی ہے۔

​اس پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مزاحیہ انداز میں طنز بھی کیا گیا ہے۔ ایک اکاؤنٹ بابو بسلری نے لکھا کہ ‘‘اور رکھو rekha143 پاسورڈ’’۔

آخری اطلاع آنے تک امیتابھ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ @SrBachchan پر اس وقت عمران خان کی ڈسپلے پکچر ہٹا دی گئی تھی اور اکاؤنٹس سے کی گئی ٹوئٹس بھی ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG